طبی نظام میں معاونت پر ترک عوام، میڈٹرونکس کمپنی کے مشکور ہیں:ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ترکی کی میڈٹرونکس کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں نائب صدر میڈٹرونکس کمپنی ڈاکٹر ایان اوزترک، کنٹری ہیڈ شاہد منظور، ریجنل منیجر بلال اور منیجر توقیر عباس شامل تھے۔پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور ایڈیشنل سیکرٹری پروکیورمنٹ مظہر احمد بھی موجود تھے۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ ترکی کے نظام صحت کی پوری دنیا میں مثالیں دی جاتی ہیں۔پاکستان اور ترکی کے درمیان انتہائی شاندار برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ پنجاب کے نظام صحت میں معاونت کی پیشکش پر ترکی کی عوام اور میڈٹرونکس کمپنی کے مشکور ہیں۔ پروفیسرڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنا وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کا ویژن ہے۔ دریں اثناءنگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی اور ری ویمپنگ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زہرہ خانم اور ایم ایس ڈاکٹر منیر احمد ملک نے نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کو بریفنگ دی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں مریضوں کی عیادت بھی کی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب کے 100 سے زائد سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ منصوبے کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے بعد مریضوں کو جدید علاج کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا بہتر علاج ہماری اولین ترجیح ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسیز میں مریضوں کو ہر قسم کی ادویات کی مفت فراہمی کا کریڈٹ پنجاب کی نگران حکومت کو جاتا ہے۔صوبائی وزیرصحت نے سرکاری ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔