غزہ،واشنگٹن،انقرہ،کیپ ٹاﺅن،اسلام آباد(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)اسرائیلی بربریت،غزہ کھنڈر،خوراک سمیت ہر چیز کابحران،شہدا کی تعداد10ہزار سے متجاوز،امریکہ نے جوہری آبدوز مشرق وسطیٰ بھیج دی،پاکستان نے اسرائیلی وزیر کے فلسطینیوں پر ایٹم بم حملے کی دھمکی کو علاقائی سلامتی کےلئے خطرہ قرار دیدیا۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید سینکڑوںفلسطینی شہید ہوگئے، تعداد 10 ہزار 22 تک جاپہنچی،4104 بچے اور 2641 خواتین بھی شامل ہیں،ترجمان کے مطابق اسرائیلی بمباری سے غزہ کے 16 ہسپتال بند ،بیکریوں کو نشانہ بنائے جانے سے خوراک کا بحران بڑھ گیا۔
ادھر اقوام متحدہ و انسانی حقوق کی 18 عالمی تنظیموں کے سربراہوں نے مشترکہ اعلامیے میںانسانی بنیادوں پر فلسطین اور اسرائیل کے درمیان فوری سیز فائر کا مطالبہ کردیا۔
انٹر ایجنسی سٹینڈنگ کمیٹی کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیابہت ہوگیا اب جنگ کو ہر صورت رکنا چاہیے،غزہ میں اسرائیل کی جانب سے عام شہریوں کا قتل سفاکیت ہے، اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 2.2 ملین فلسطینی محصور ہیں ،غذا، پانی، ادویات، بجلی اور ایندھن تک میسر نہیں ،گھروں، پناہ گاہوں، عبادت گاہوں اور ہسپتالوں پر بمباری ناقابل قبول ہے۔
دریں اثناامریکہ نے جوہری آبدوز مشرق وسطیٰ بھیج دی،امریکی سینڑل کمانڈ(سینٹ کام) کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان کے مطابق امریکی بحریہ کی جوہری آبدوز سینٹ کام کی زیرنگرانی علاقے میں پہنچ گئی، اسرائیلی اخبار کے مطابق امریکہ کے پاس 20 ایٹمی آبدوز ہیں ،4امریکی ایٹمی آبدوز ٹام ہاک میزائل لانچ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں جبکہ امریکہ کی 14 ایٹمی آبدوزوں سے بیلسٹک میزائل فائر کیے جا سکتے ہیں۔
مزید برآں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا ترک دارالحکومت انقرہ پہنچنے پرسرد استقبال کیا گیا،ہوائی اڈے پر کوئی ترک سفارت کار پہنچانہ ہی کوئی اعلیٰ سطحی ملاقات کا اہتمام کیا گیا،ذرائع کے مطابق صدر اردگان کی بلنکن سے ملاقات بھی طے نہیں، امریکہ و شام میں فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا امریکہ ایران سے جنگ نہیں چاہتا، اپنے فوجیوں پر حملے برداشت نہیں کریں گے۔
دوسری جانبپاکستان نے اسرائیلی وزیر کے فلسطینیوں پر ایٹم بم حملے کی دھمکی کو علاقائی سلامتی کےلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہافلسطینیوں پر ایٹم بم کے ممکنہ استعمال کے اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان پر تشویش ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے کہابیان فلسطینیوں کی نسل کشی و وجود مٹانے کے عزائم کا اظہار ہے،فلسطینی وزیر کا بیان علاقائی سلامتی اور امن کےلئے خطرہ ہے۔
اسرائیلی بربریت،غزہ کھنڈر،ایٹم بم کی دھمکی علاقائی سلامتی کےلئے خطرہ ہے،پاکستان



















