اقبال فیملی پارک سمن آباد ، پی ایچ اے کی فری پارکنگ میں خودساختہ فیس نافذ، شہری لٹنے پر مجبور

لاہور (قمر عباس)پی ایچ اے زون 1 ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے اقبال فیملی پارک سمن آباد میں فری پارکنگ کی سرکاری سہولت کی خودساختہ فیس مقرر کرتے ہوئے شہریوں سے کمائی کرنے کا سلسلہ جاری، من مرضی پارکنگ فیس کی وصولی کی جانے لگی۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف رہائشی کالونیوں میں شہریوں کو پارکس کی سہولت فراہم کر رکھی ہے۔ اس حوالے سے سمن آباد میں اقبال فیملی پارک قائم ہے جو کہ زون نمبر 1انتظامیہ کی حدود میں آتا ہے عرصہ دراز سے علاقہ مکینوں کو سیرو تفریح کی خاطرسہولت دی جا رہی ہے، اس میں اتھارٹی کی جانب سے ورزش ،واک اور کرکٹ اکیڈمی میں بھی قائم ہے۔ اقبال فیملی پارک میں آنے والے شہریوں کو موٹر سائیکل یا گاڑی پارک کرنے کی خاطر سڑک پر ہی پارکنگ ایریا قائم کیا گیا ہے جو کہ مکمل طور پر فری ہے۔ شہر میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ”لہور لہور اے فیسٹول“ کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں شہریوں کو سیرو تفریح و دیگر پروگرام پیش کئے جا رہے ہیں جبکہ پی ایچ اے زون نمبر 1انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے فری پارکنگ کی سہولت کو خود ساختہ ختم کرتے ہوئے پارکنگ فیس وصول کی جارہی ہے جس میں شہریوں سے پارکنگ فیس کی مد میں 10سے 30روپے موٹر سائیکل کی فیس جبکہ کار کی 50روپے تک وصولی کرتے ہوئے ذاتی کمائی کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کو مالی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ فیملی اقبال پارک جو کہ مقامی شہریوں کی خاطر قائم کیا گیا ہے، عرصہ دراز سے پارک میں آرہے ہیں لیکن اچانک اتھارٹی کی جانب سے موٹر سائیکل اور کار پارکنگ کی زبردستی وصولی کی جا رہی ہے جو کہ متعلقہ انتظامیہ سمن آباد کی خود ساختہ فیس وصولی ہے۔ ڈائریکٹر زون نمبر 1شاہنواز وٹو سے اقبال فیملی پارک میں شہریوں سے خود ساختہ پارکنگ فیس کی وصولی پر موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا لیکن انہوں نے کال اٹینڈ نہ کی تاہم اگر وہ اپنا موقف دینا چاہیں ادارہ من و عن شائع کرےگا۔