صیہونی حکومت ریڈ لائن پار کر چکی، ایکشن لے سکتے ہیں: ایرانی صدر

تہران (مشرق نیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت ریڈ لائن پار کر چکی ہے جو کسی کو بھی ایکشن لینے پر مجبور کر سکتی ہے۔ ایک بیان میں ابراہیم رئیسی نے کہا کہ واشنگٹن ہمیں کچھ نہ کرنے کا کہتا ہے لیکن وہ اسرائیل کی وسیع حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے مزاحمتی اتحاد کو پیغامات بھیجے لیکن ان کا جواب انہیں واضح طور پر میدان جنگ میں ملا۔ واضح رہے اسرائیل کے غزہ پر فضائی اور زمینی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار تک پہنچ گئی ہے اور ان شہید ہونے والوں میں آدھی تعداد بچوں کی ہے۔

اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر شمالی غزہ خالی کرنے کی دھمکی بھی دی ہے، مغربی کنارے میں بھی چھاپا مار کارروائیاں جاری ہیں جس میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں جبکہ کئی فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔