حماس کا جوابی وار، اسرائیلی جوہری تنصیبات پر حملے، صہیونی دہشت گردی،غز ہ خون آلود،مزید سینکڑوں شہادتیں

غزہ، تل ابیب(مشرق نیوز ) اسرائیل نے اقوام متحدہ کی قرارداد کو ہوا میں اڑادیا، صیہونی فوج کے غزہ پر بری، بحری اور فضائی حملے جاری ہیں اور ٹینکوں اور بھاری توپ خانے سے نہتے فلسطینی شہریوں کو خون میں نہلادیا گیا ہے ،اسرائیل ہٹ دھرمی سے باز نہ آیا، غزہ میں جنگ بندی کی عالمی سفارتی دباو¿ کو نظرانداز کرتے ہوئے صیہونی فورسز کی جانب سے نہتے شہریوں پرشدیدبمباری کی گئی ، اسرائیلی زمینی، فضائی اور بحریہ کی بمباری سے مزید 300سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے،غزہ پر وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں بڑی تباہی پھیل گئی ہے اور تاحال درجنوں لاشوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا اندیشہ ہے ، اس حوالے سے فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے حملوں میں شہدا کی تعداد 8ہزارہو گئی ہے جن میں 3600 سے زائد بچے اور 1800سے زائد خواتین شامل ہیں ،اسرائیلی فوج کے حملوں میں 22 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جبکہ 940 بچوں سمیت 1650 فلسطینی لاپتہ ہیں،غزہ پر اسرائیل کی حالیہ شدید ترین بمباری کے نتیجے میں انٹرنیٹ و مواصلاتی نظام تباہ ہو گیا اور وہاں پھنسے ہوئے 23 لاکھ لوگوں کا باقی دنیا کے ساتھ رابطہ بالکل منقطع ہو گیا ہے،مواصلاتی نظام تباہ ہونے سے اسرائیلی بمباری کے نقصانات کی تفصیل سامنے نہ آسکی،دریں اثنا ٹیکنالوجی کمپنی سربراہ ایلون مسک نے غزہ پٹی میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف اداروں کو بذریعہ سیٹلائٹ، انٹرنیٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا تاہم اسرائیل نے اس کی مخالفت کردی ادھر عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کےلئے جنگ میں زیر زمین اہداف انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جن کو نشانہ بنا کر وہ حماس کو ختم کرنا چاہتے ہیں،عرب ممالک نے اسرائیل کو غزہ پٹی میں مزید کارروائی سے خبردار کردیا ہے اور سعودی عرب نے زمین پر قبضہ ناانصافی قرار دیا، عمان اور قطر نے بھی اسرائیل کی کارروائی کو ممکنہ جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے ،قطر کے وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا ہے اسرائیل کی زمینی کارروائی کے عام شہریوں پر بدترین نتائج ہوں گے اور اس سے انسانی بحران گھمبیر ہوجائے گا،فلسطینی صدر محمود عباس نے ہفتے کے روز غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی طرف سے شروع کئے گئے نئے جنگی مرحلے کے اثرات پر بات کرنے کےلئے ہنگامی عرب سربراہی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا،محمود عباس نے فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران ایک تقریر میں کہا کہ اسرائیل نے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کا جواب زمینی حملے اور مزید کشیدگی سے دیا ہے دوسری جانب حماس نے اسرائیل کے خفیہ جوہری تنصیبات والے شہر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، حماس کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے اسرائیل کی جارحیت اور قتل وغارت گری ہولو کاسٹ سے کہیں بڑھ کر ہے، غزہ کے شہری اس جنگ کو فیصلہ کن معرکہ سمجھیں اور ہمارے ساتھ اٹھیں،ایک بیان میں حماس ترجمان ابوعبیدہ نے کہا دشمن روز زمینی کارروائیوں کی دھمکیاں دے رہا ہے، ہم بھی انتظار میں ہیں کہ دشمن کو نئی قسم کی موت کا مزہ چکھائیں، ہمارے لوگوں کو یقین رکھنا چاہیے کہ فتح ہماری ہوگی،حماس کے ترجمان نے دعویٰ کیا حماس کی جانب سے جوابی کارروائیاں جاری ہیں، القسام بریگیڈ کے حملے میں اسرائیلی فوج کی بکتر بند تباہ کردی گئی،ادھر حزب اللہ کے بھی اسرائیلی فوجیوں پرحملے جاری ہیں جس میں فوجی گاڑیاں تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے،دوسری جانب حماس کے سینئر عہدیدار علی براکہ نے کہا ہے اسرائیلی فورسز نے رات بھر غزہ پر زمینی حملے اور بمباری کی تاہم غزہ پر اسرائیلی فوج کا تین طرفہ زمینی حملہ ناکام ہو گیا،غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عکسری ونگ القسام بریگیڈ کے سربراہ یحییٰ سنور نے کہا ہے اسرائیل کے ساتھ فوری قیدیوں کے تبادلے کےلئے تیار ہیں،عرب میڈیا کے مطابق سنوار نے ایک بیان میں کہا ہے ہم قیدیوں کے تبادلے کا ایک فوری معاہدہ کرنے کےلئے تیار ہیں جس میں فلسطینی مزاحمت کے ہاتھوں قید تمام قیدیوں کے بدلے اسرائیلی جیلوں سے تمام فلسطینی قیدیوں کی رہائی شامل ہے۔