لاہور (رپورٹ: مرزا ندیم بیگ) صوبائی دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کو مدنظر رکھتے ہوئے ون وے کی خلاف ورزی کے بارے میں سختی سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر ڈی آئی جی آپریشنز نے باقاعدہ تمام ایس ایچ اوز کو واضح پیغام دیا تھا کہ وہ اپنے اپنے علاقہ میں ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ،ٹریفک پولیس والوں کے ساتھ مل کر سخت ایکشن لیں کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، جس ایس ایچ او کے علاقہ میں کوتاہی برتی گئی اس کے خلاف ایکشن ہو گا، جس کے بعد تمام ایس ایچ اوز نے ملازمین کو ٹارگٹ سونپ دیئے ہیں جس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس اہلکار ایسی جگہوں پر بھی ناکے لگا کر کھڑے ہو گئے ہیں جہاں ٹریفک کا لوڈ نہ ہونے کے برابر ہے، اپنے علاقہ میں ہی لوگوں کو تھوڑا سا فاصلہ پر گھروں میں جانے کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پولیس ملازمین نے اس بہانے دیہاڑیاں لگانا بھی شروع کر دی ہیں جو تعاون کرے اسے چھوڑ دیا جاتا ہے انکار کرنے کی صورت میں تھانہ لا کر بند کر دیا جاتا ہے، اس حوالہ سے مختلف مقامات کے رہائشیوں نے ”مشرق“ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں گورنمنٹ نے ایک اچھا فیصلہ کیا ہے لیکن اس میں محلے میں یا ایسے مقامات پر جہاں ٹریفک کا کوئی لوڈ نہیں ہوتا وہاں اور کچھ نہیں تو وارننگ ایک بار دینی چاہئے کیونکہ اکثر سکول سے بچے یا بچوں کو سکول سے لانے اور لے جانے کیلئے ون وے کی خلاف ورزی ہو جاتی ہے جس کی وجہ ٹائم پر پہنچنے سے زیادہ پٹرول جو کہ مہنگا ہے اس کی وجہ سے لوگ ایسا کرتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ باقی جو اہم شاہراہ یا مصروف ترین روڈ ہیں وہاں ایسی پابندی بالکل ہونی چاہئے، ان لوگوں کے خلاف ایکشن بھی ہونا چاہئے تاکہ لوگ ایسی حرکت سے باز آ جائیں اور اس سے حادثات میں بھی واضح کمی ہو گی لیکن بہتر یہ ہے کہ موٹر سائیکل یا گاڑیاں بند کرنے کی بجائے بہترین حل یہی ہے کہ 2000 تک جرمانہ کر دیا جائے ،جس کا بھی ایک بار چالان ہو گا اس کے بعد ہمارا نہیں خیال کے دوبارہ ایسی غلطی دہرائے گا کیونکہ اتنی مہنگائی کے دور میں جہاں پہلے ہی جینا دو بھر ہو چکا ہے جب دو ہزار کے چالان ہونا شروع ہونگے ان کو سیدھے راستے پر لانے کیلئے اتنا ایکشن ہی کافی ہو گا لیکن اس سے کم از کم جو اپنے بچوں او ر بچیوں کو سکول و کالج چھوڑنے جا رہے ہوں گے یا کسی ایمرجنسی کی حالت میں ہونگے ان کو سزا بھی مل جائے گی اور وہ وقت پر منزل مقصود تک بھی پہنچ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے التجا ہے کہ اس طرف توجہ دی جائے اور بجائے موٹر سائیکل و گاڑیاں بند کرنے کے جرمانے کے احکامات صادر فرمائے جائیں۔
ون وے خلاف ورزی کی آڑ میں پولیس اہلکاروں کی دیہاڑیاں

















