اسرائیلی درندگی ،دنیا سراپا احتجاج،ہسپتال پر حملہ ریاستی دہشتگردی ہے،او آئی سی

تل ابیب، غزہ، نیویارک، اسلام آباد، جدہ، ماسکو، انقرہ، بیروت، قاہرہ (مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) اسرائیل نے درندگی کی ساری حدیں پار کرکے غزہ میں قیامت برپا کردی، ہسپتال پر حملے کیخلاف پاکستان، امریکہ سمیت پوری دنیا سراپا احتجاج، پاکستان، او آئی سی، اقوام متحدہ و دیگر ممالک نے حملے کو شرمناک، منظم ریاستی دہشت گردی، جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بند ی کا مطالبہ کردیا جبکہ جوبائیڈن نے دہشت گرد ریاست کو کلین چٹ دےکر مکمل حمایت کا اعلان کردیا اور ہسپتال پر حملے کا ذمہ دار فلسطینی گروپ کو ٹھہرا دیا جبکہ امریکہ نے سلامتی کونسل میں اسرائیل، فلسطین کے درمیان جنگ بندی کی قرارداد پھر ویٹو کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کے ہسپتال میں اسرائیلی بمباری کیخلاف دنیا بھر شدید احتجاج کیا گیا۔ لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت متعدد شہروں میں شہری سڑکوں پر نکل آئے، اسرائیلی دہشت گردی کیخلاف نعرے لگائے اور امریکہ، اسرائیل کے پرچم نذرآتش کئے، اردن میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی سفارتخانے پر دھاوا بولا اور گیٹ کو آگ لگا دی۔ استنبول، انقرہ میں اسرائیلی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کیا گیا، مظاہرین اسرائیل کے خلاف نعرے لگاتے رہے، لبنان میں ہزاروں مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج ریکا رڈ کرایا، ہزاروں مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کی باڑ پر فلسطینی پرچم بھی لہرا دیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی، بیروت میں مظاہرین نے اقوام متحدہ کی عمارت پر احتجاج کیا، یو این عمارت کے باہر چوکی پر توڑ پھوڑ کی اور عمارت کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے توڑ دئیے۔

تیونس، مصر اور فرانس میں بھی اسرائیلی مظالم کیخلاف مظاہرے کئے گئے، امریکہ میں سینکڑوں لوگوں نے وائٹ ہاو¿س کے سامنے غزہ میں اسرائیل کے حملوں کےخلاف احتجاج کیا۔ جرمنی کے دارالحکومت کے میں تاریخی برانڈنبرگ گیٹ کے سامنے مظاہرہ ہوا، دیگر ممالک میں بھی اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

دریں اثنا پاکستان نے کہا ہے ہسپتال کو نشانہ بنانا غیر انسانی و ناقابل جواز عمل ہے، صدر مملکت نے معصوم جانوں کے المناک نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسرائیل نے ہسپتال پر حملہ کر کے تمام بین الاقوامی و اخلاقی اصولوں کو پامال کیا۔ اسرائیل شہری آبادیوں ،صحت کی سہولیات کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہا ہے، عالمی برادری جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے اور اسرائیلی بمباری، غزہ کے جاری محاصرے کو روکنے کےلئے فوری اقدامات کرے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہسپتال کو نشانہ بنانا غیر انسانی و ناقابل جواز عمل ہے، حملہ عالمی، انسانی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، بین الاقوامی انسانی قانون ہسپتالوں، طبی عملے کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انو ار الحق کاکڑ نے کہاکچھ عرصہ قبل سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کےساتھ بات چیت میں زور دیا تھا عالمی برادری اسرائیل سے کہے بےگناہ فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے۔ عالمی برادری تشدد کو روکنے کےلئے تیزی سے کام کرے اور ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے، اسرائیلی قبضے کے حامیوں کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے جنہوں نے غزہ کے لوگوں کےخلاف اسرائیلی دہشت گردی کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

مزید برآں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بیجنگ میں منعقدہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کی اور عالمی رہنماﺅ ں سے ملاقاتوں میں نہتے و معصوم فلسطینیوں کےخلاف غاصب اسرائیل کے جنگی جرائم روکنے کیلئے اقوام متحدہ، عالمی قوتوں سے فوری طور پر اسرائیل کی جانب سے معصوم فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا،انوار الحق کاکڑ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس سے ملاقات میںاسرائیل کی جانب سے غزہ ہسپتال پر حملے اور ایک ہی دن میں حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینیوں کی شہادت کو انسانیت سوز و انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہافوری جنگ بندی کےساتھ متاثرین تک امداد کی ترسیل یقینی بنائی جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہسپتال میں جہاں شہری پناہ اور ہنگامی علاج کی تلاش میں تھے، پر حملہ غیرانسانی و ناقابل دفاع ہے، شہری آبادیوں، تنصیبات کو اندھا دھند نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرائم کا حصہ ہے۔ ترجمان نے کہا عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں غزہ پر اسرائیلی بمباری اور محاصرے کو فوری طور پر ختم کرنے کےلئے ہنگامی اقدامات کرے ۔


ادھر او آئی سی نے غزہ کے ہسپتال پر حملے کو منظم ریاستی دہشت گردی اور شرمناک قرار دیتے ہوئے اسرائیل سے فوری جنگی بندی کا مطالبہ کردیا۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی نے کہا اسلامی تعاون تنظیم مسئلہ فلسطین کا فوری حل چاہتی ہے۔ اسرائیل مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، اسرائیلی فورسز نے نہتے فلسطینی عوام پر حملہ کیا، فلسطینی عوام کو نامساعد حالات کا سامنا، انسانی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے، حسیم ابراہیم طحہ نے کہا او آئی سی فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہے، امت مسلمہ فلسطینی بھائیوں کےساتھ کھڑی ہے، بین الاقوامی برادری مسئلہ فلسطین کے حل کےلئے آگے بڑھے، اسرائیلی فورسز کا غزہ میں ہسپتال پر حملہ شرمناک عمل ہے، فلسطینیوں کو حقوق فراہم کئے جائیں، اسرائیل 1967 کی قرارداد کا احترام کرتے ہوئے دو ریاستی حل کو فوری طور پر عملی جامہ پہنائے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا پاکستان فلسطین پر حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اسرائیل فلسطین میں فاشسٹ ازم کا مظاہرہ کررہا ہے، اسرائیل بےگناہ افراد کا خون بہا رہا ہے، اسرائیلی جارحیت کی بدولت سینکڑوں فلسطینی شہید ہوچکے، نگران وزیر خارجہ نے کہا طاقت کا اندھا دھند و غیر متناسب استعمال جنگی جرائم، انسانیت کےخلاف جرائم کے مترادف ہے، اسرائیلی فورسز مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی میں ملوث ہیں، مسجد اقصیٰ مسلمانوں کے مقدس مقامات میں سے ایک ہے، اقوام متحدہ مسئلہ فلسطین کو فوری حل کرے، پاکستان فلسطینی بھائیوں کےساتھ کھڑا ہے، عالمی برادری اسرائیل کو جرائم کا جوابدہ ٹھہرائے۔

وزیر خارجہ نے گیمبیا، ایران، کویت، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

روسی وزارت خارجہ نے ہسپتال پر حملے کو غیر انسانی فعل و جرم قرار دیتے ہوئے کہا اگر اسرائیل اس حملے میں ملوث نہیں تو سیٹلائٹ تصاویر لازمی جاری کرے،ہسپتال پر حملے کو لازمی طور پر مجرمانہ فعل کے جرم کے طور پر دیکھتے ہیں، انتہائی غیرانسانی عمل ہے۔ ترجمان روسی وزارت خارجہ نے کہامشرق وسطیٰ میں تیزی سے پھیلتی صورتحال خطے کے باہر تک پہنچ چکی، عالمی پیمانے پر عالمی بحران ہے۔

روسی صدر پیوٹن نے غزہ کے ہسپتال پر بمباری کو انتہائی خطرناک اور تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا چیزیں ظاہر کرتی ہیں حماس، اسرائیل کے درمیان لڑائی ختم ہونی چاہیے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی قوانین میں صحت کی سہولیات کے مراکز محفوظ ہوتے ہیں،نشانہ نہیں بنایا جاسکتا،انتونیو گوتریس نے کہا غزہ کے ہسپتال پر حملے میں سینکڑوں فلسطینی شہریوں کی وفات پر شدید دہشت زدہ، حملے کی پرزور مذمت کرتا ہوں،میرا دل متاثرہ افراد کے خاندانوں کےساتھ ہے، عالمی قانون کے تحت جنگ میں ہسپتال و طبی امداد فراہم کرنے والوں کو تحفظ حاصل ہے۔

یواین سیکرٹری جنرل نے کہا بہت ساری زندگیاں اور پورے خطے کی قسمت بے یقینی کا شکار ہوچکی، فوری طور پر سیز فائر کیا جائے۔

دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن اسرائیل کے دورے پر پہنچے اور غزہ کے ہسپتال پر حملے کی ذمہ داری فلسطینی گروپ پر ڈال دی، صدر جوبائیڈن کی تل ابیب آمد پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے استقبال کیا، جوبائیڈن نے نیتن یاہو کوگلے بھی لگایا۔

بعدازاں اسرائیلی وزیراعظم سے گفتگو میں امریکی صدر نے اسرائیل کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا واشنگٹن غزہ میں جنگ کے دوران اسرائیل کو دفاع کےلئے سب کچھ فراہم کریگا، جوبائیڈن نے کہا 7اکتوبر سے شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 31 امریکی شہری بھی مارے جاچکے، جوبائیڈن نے غزہ ہسپتال پرحملے کی ذمہ داری فلسطینی گروپ پر ڈالتے ہوئے کہا غزہ کے ہسپتال پر حملہ بظاہر اسرئیل نہیں دوسری ٹیم نے کیا ۔

اس موقع پر اسرائیلی وزیراعظم نے کہا دنیا حماس کو شکست دینے کےلئے لازمی طور پر اکٹھا ہو۔

امریکہ نے سلامتی کونسل میں اسرائیل و فلسطین کے درمیان جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کردی۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد برازیل نے پیش کی جو امریکہ کے ویٹو کرنے کے بعد ناکام ہوگئی۔ برازیل کی پیش کی گئی قرارداد میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی اور انسانی امداد کی ترسیل کا مطالبہ کیا گیا تھا، 12 اراکین نے حمایت میں ووٹ دئیے، ووٹنگ میں روس ،برطانیہ غیرحاضر رہے جبکہ امریکہ نے دوسری بار سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کیا۔

مزید برآں بچوں کی بہبود کےلئے کام کرنےوالی تنظیم ”سیو دی چلڈرن“ نے کہا ہے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں ہر 15 منٹ میں ایک بچہ موت کے منہ میں چلا جاتا ہے جبکہ معصوم بچے ناکہ بندی کے باعث پانی ، خوراک کی قلت کو بھی جھیل رہے ہیں۔ سیو دی چلڈرن نے رپورٹ میں کہا غزہ میں اسرائیلی حملوں اور ناکہ بندی کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان بھوک سے بلکتے معصوم بچوں کا ہورہا ہے جن کا کسی تنازع میں کوئی لینا دینا نہیں،اندازے کے مطابق ایک ہزار سے زائد بچے زندگی کی بازی ہار گئے، اصل تعداد کہیں زیادہ ہیں،رپورٹ میں خبردار کیا گیا راکٹس و میزائلوں کی بوچھاڑ کو سہنے والے خوف زدہ بچے بھوک ،پیاس سے نڈھال ہیں،امداد نہیں پہنچ پا رہی، پانی و خوراک کی شدید قلت ہے۔