نیویارک:نیو لائف مینارٹی کونسل کابریسٹ کینسر سے آگاہی کیلئے سیمینار،مفید مشورے

نیویارک(خواجہ فاروق) نیو لائف مینارٹی کونسل ایک قدم او ر آگے،بریسٹ کینسر سے آگاہی کیلئے سیمینار،مفید مشورے دئیے گئے،تفصیلات کے مطابق عوامی فلاح وبہبود کیلئے سرگرم نیو لائف مینارٹی کونسل نے راحیلہ اسلم،ڈاکٹر سلمیٰ کی قیادت میں نیویارک بروکلین میںبریسٹ کینسر سے آگاہی کیلئے سیمینارکاانعقاد کیا۔

سیمینار کاآغاز تلاوت کلام پاک اور نعت مقبول سے ہوا،خواتین نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کیلئے پنک ربن پہن کر شرکت کی،شرکا نے نیو لائف مینارٹی کونسل کی ٹیم کاشکریہ ادا کیا اور کمیونٹی کیلئے کام کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

خطاب کرتے ہوئے راحیلہ اسلم،ڈاکٹر سلمیٰ نے کہا پاکستان میں ہر سال90ہزار خواتین میں مرض کی تشخیص ہوتی ہے، بروقت تشخیص و علاج نہ ہونے کے باعث سالانہ 40ہزار خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں، خواتین میں جلد کے کینسر کے بعد سب سے زیادہ چھاتی کا کینسر عام مرض بنتا جا رہا ہے،صرف خواتین نہیں مرد بھی مرض کانشانہ ہے،بچنے کیلئے آگاہی واحتیاط ناگزیر ہے،بہت سی خواتین کابیماری کو سنجیدہ نہ لیناخطرناک ہے۔

راحیلہ اسلم،ڈاکٹر سلمیٰ نے کہاخواتین کو چاہیے ذرا سی بھی ضرورت محسوس ہونے پر فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں،بے احتیاطی سے اجتناب برتیں،تنظیم بنانے کامقصدصرف اور صرف کمیونٹی کی خدمت ہے،دن رات فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے،نیو لائف مینارٹی کونسل صرف میر ی نہیں،سب حصہ دار ہیں،پلیٹ فارم میں شامل ہوکر خدمت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،راحیلہ اسلم نے کہاکمیونٹی کیلئے کام کرنے سے دلی سکون ملتا ہے،دعاہے میری زندگی کے بعد لوگ مجھے اچھے الفاظ سے یاد رکھیں۔

شبانہ بٹ نے کہابریسٹ کینسر مشکل حریف ہے اور دنیا بھر کی لاکھوں خواتین کو متاثر کرتاہے،صرف طبی مسئلہ نہیں بلکہ جنگ ہے،ملکر مرض سے نمٹنا ہوگا،آگاہی تقاریب جاری رہنا ناگزیر ہے، نیو لائف مینارٹی کونسل کےساتھ ہیں اور بھرپور تعاون کریں گے،افتخار بٹ نے کہاخوبصورت ٹیم بنانے پر راحیلہ اسلم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتاہوں، آرگنائزیشن کو آگے لےجانے کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔

روبینہ صفدر نے کہاشادی کے 7سال بعد میرے خاوند کاانتقال بڑا امتحان تھا،میرے 3بچے اعلیٰ مقام پر ہیںاور دنیا میں اپنا نام کمارہے ہیں،زندگی کے ہر موڑ پر امتحان آتے ہیں،صبر سے برداشت کرنا ہوگا،بریسٹ کینسر دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہاہے،میں نے بہادری سے تن تنہا مرض کامقابلہ کیا،امریکہ میں بالکل فری علاج ہوا،ہر بیماری کاعلاج ہے،خواتین غفلت کامظاہرہ نہ کریں،جسم میں کوئی بھی تبدیلی محسوس ہونے پر فوری چیک اپ کرائیںاورخود کو مضبوط رکھیں۔

سیمینار میں شرکا کی آگاہی کیلئے دستاویزی فلم بھی چلائی گئی۔سیمینار میں ڈاکٹر سلمہٰ،ڈاکٹر عادل، ڈاکٹر حنا،ڈاکٹر فرزانہ ، شبانہ ، وحیدہ،روبینہ، صائمہ، شگفتہ، لبنیٰ ، عشرت،عطیہ، مسرت،سلطانہ ، راحیلہ ، عاصمہ ، زبیدہ، سونیا،اقراءپرویز، شبانہ نائلہ، اقرا عادل، عنایہ ودیگر نے بھی شرکت کی۔