دوران ڈیوٹی زخمی پولیس افسران و اہلکاروں کی جلد بحالی ترجیح ہے:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے زخمی پولیس اہلکاروں کے علاج معالجے کیلئے 3 ملین روپے سے زائد فنڈز جاری کر دئیے ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطبق ایڈیشنل آئی جی فنانس اینڈ ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا کی زیر صدارت کمیٹی نے زخمی اہلکاروں کے طبی اخراجات کیلئے فنڈز کی منظوری دی۔ زخمی پولیس اہلکار عامر مجید کو علاج معالجے کیلئے ایک ملین دئیے گئے،پی ایچ پی کے زخمی ہیڈ کانسٹیبل غلام عباس کو طبی اخراجات کیلئے ایک ملین دئیے گئے،زخمی اہلکار اعجاز الحق کو علاج معالجے کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے،زخمی غازی ڈرائیور کانسٹیبل سیف کو علاج معالجے کیلئے 3 لاکھ روپے دئیے گئے جبکہ لاہور پولیس کے زخمی کانسٹیبل ندیم کو علاج معالجے کیلئے اڑھائی لاکھ روپے دئیے گئے۔غازی افسران و اہلکار دوران ڈیوٹی مجرموں سے مقابلے اور دیگر واقعات میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی زخمی و غازی اہلکاروں کے بہترین علاج کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی زخمی افسران و اہلکاروں کی جلد بحالی ترجیح ہے، محکمہ اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ویلفیئر ذرائع سے حاصل آمدن سے زخمی افسران و اہلکاروں کے علاج کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔