اسرائیل کا فلسطینیوں کو شمالی غزہ خالی کرنے کا الٹی میٹم، نیست ونابود کردیں گے،حماس

تل ابیب، غزہ، یروشلم، جینوا، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ (مشرق نیوز+ اپنے رپورٹر سے) اسرائیل کا فلسطینیوں کو شمالی غزہ خالی کرنے کا الٹی میٹم، ہزاروں ٹن بارود گرانے کا اعتراف، شہادتیں 1800 سے متجاوز، کسی صورت غزہ نہیں چھوڑیں گے، زمینی حملہ کیا تو نیست و نابود کردیں گے، حماس نے خبردار کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق تل ابیب کے متوقع زمینی حملے سے قبل ٹینک غزہ کی پٹی کے قریب پہنچ گئے، اسرائیلی فوج نے غزہ میں پمفلٹس پھینک کر الٹی میٹم دیا، شمالی غزہ کے 11 لاکھ رہائشی 24 گھنٹے میں علاقہ خالی کردیں، پمفلٹس میں کہا گیا فلسطینیو! اپنے گھر فوری چھوڑ کر غزہ کے جنوب چلے جاو اور خود کو حماس سے دور کرلو جو آپ کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیردفاع یوو گیلنٹ نے کہا جنگ کا وقت ہے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بھاری بمباری جاری ہے، آنےوالے دنوں میں غزہ شہر میں نمایاں آپریشن کریں گے اور شہری تبھی واپس جاسکیں گے جب اعلان کیا جائیگا۔

علاوہ ازیں اسرائیل کی جانب سے زمینی حملے کے خدشات بڑھ گئے، برطانوی میڈیا کے مطابق اسرائیل غزہ کی سرحد پر زمینی حملے کی تیاری کررہا ہے، فوجی دستے، بھاری توپخانے اور ٹینک جمع کئے جا رہے ہیں۔

اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غزہ میں 6 روز کے دوران حماس کے ٹھکانوں پر 4 ہزار ٹن وزنی 6 ہزار بم گرائے گئے، فضائی حملوں میں 3600 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا جبکہ اسرائیل کا غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور وحشیانہ بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1800 سے متجاوز کرگئی۔

فلسطینی وزارت صحت نے کہا شہید بچوں کی تعداد 583 ہے، مزید برآں انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فاسفورس بم پھینکنے کی تصدیق کردی۔

ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے کہا گیا غزہ، لبنان کی ویڈیوز میں سفید فاسفورس کے گولے پھٹتے دکھائی دے رہے ہیں، سفید فاسورس کے استعمال کا مطلب شہریوں کو خطرے میں ڈالنا ہے۔

ادھر فلسطینی مزاحتمی تنظیم حماس نے غزہ نہ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ اپنے بیان میں ترجمان خالد قدومی نے کہا غزہ کے فلسطینی 1948 کی طرح دوبارہ مہاجرین نہیں بنیں گے، غزہ کے شہریوں کا حوصلہ توڑنے کی کوشش ہورہی ہے، فلسطینی اپنی زمین کبھی نہیں چھوڑیں گے، اسرائیل انخلا کیلئے عالمی اداروں کو دباو¿ میں لا رہا ہے، اسرائیلی فوج میں لڑنے کی طاقت نہیں، متعدد صیہونی فوجیوں اور شہریوں کو حراست میں لیا، مجاہدین نے دشمنوں کو حیران کردیا، اسرائیلی فوج کے جنرلز اور سینکڑوں فوجی قبضے میں ہیں۔

خالد قدومی نے کہا اسرائیل حماس کے مجاہدین کا سامنا نہیں کرسکتا اسلئے معصوم فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، غزہ میں صورتحال بہت خراب ہے، بجلی و طبی سہولیات کو اسرائیل نے معطل کردیا۔ امریکہ، اسرائیل خود 75 سال سے دہشت گردی کی حمایت اور ترویج کرتے ہیں۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے خبردار کیا اگر اسرائیل نے زمینی حملہ کیا تو فوج کو نیست ونابود کردیا جائیگا، جنگ کے آغاز پر ہی اسرائیلی فوج کا غزہ ڈویژن تباہ کیا، القدس کے تحفظ کےلئے مزید کارروائیاں کریں گے، آپریشن الاقصیٰ فلڈ میں توقع سے زیادہ کامیابی ملی، ہلال احمر فلسطین نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کسی بھی حال میں غزہ چھوڑ کر نہیں جائیں گے، اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے، لوگوں کو موت کے منہ میں چھوڑ کر نہیں جاسکتے۔

دریں اثنا برطانیہ نے فلسطین کےخلاف اسرائیل کی مدد کیلئے اپنے رائل نیوی کے جہاز بھیجنے کا اعلان کردیا، غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ نگرانی کا طیارہ اور 2 رائل نیوی کے جہاز مشرقی بحیرہ روم بھیجے گا ۔

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچے جہاں لبنانی حکام کےساتھ ساتھ حماس اور اسلامی جہاد کے نمائندوں نے استقبال کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے حزب اللہ کی طرف ممکنہ اشارہ کرتے ہوئے کہا غزہ کی ناکہ بندی، اسرائیلی جنگی جرائم کے نتیجے میں نیا محاذ کھلنا ممکنہ حقیقت ہے، اسرائیل نے غزہ پر حملے بند نہ کئے تو جنگ میں نیا محاذ کھل سکتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا، شہر شہر نکالی گئی ریلیوں، مظاہروں میں اسرائیلی وامریکی پرچم نذرآتش کئے گئے، تمام مساجد میں فلسطینیوں کے حق میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔ طاہر اشرفی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا فلسطین کے معاملے پر فیصلہ کن مرحلہ آگیا، مسلم حکمرانوں کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اقوام متحدہ ، عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو کبھی فلسطین صیہونی دہشت گردی کے نتیجے میں بہنے والا خون نظر نہیں آیا، فلسطین کے حریت پسندوں نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملا دیا، غزہ میں کسی بڑے انسانی المیے کا اندیشہ ہے، اقوام عالم فوری ایکشن لیتے ہوئے اسرائیل کو جارحیت سے روکے۔

مزید برآں کینیڈا، جنوبی افریقہ، آسٹریا اور اردن میں بھی اسرائیلی مخالف ریلیاں گئیں، مظاہرین نے غزہ پر دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو فوری روکنے کامطالبہ کیا۔