وزیراعلیٰ نے میٹرو،سپیڈوبس کرائے میں اضافے کی سمری مسترد کردی

لاہور،گوجرانوالہ(خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر،بیورورپورٹ)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میٹرواورسپیڈوبس کے کرائے میں 15روپے اضافے کی سمری مسترد کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 24واں اجلاس ہو ا، محسن نقوی نے کہا ریونیو میں اضافے کیلئے نئے ومنفرد انداز سے کام کیا جائے،اجلاس میں لاہو رریلوے سٹیشن تاگرین ٹاون الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دی گئی،ورلڈ بینک کے تعاون سے لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 27الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

اسلام آباد و راولپنڈی پاکستان میٹروبس سروس کیلئے بھی الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا،قذافی سٹیڈیم ،شاہدرہ ریلوے سٹیشن کی تعمیرومرمت اورتزئین و آرائش کی منظوری بھی دی گئی،وزیر اعلیٰ نے کہا عوام کو معیاری ومحفوظ سفر کی سہولتیں فراہم کریں گے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہیلتھ ٹیم کے ہمراہ چغتائی لیب کا دورہ کیا،جدید آلات ومشینری کا معائنہ، کلینکل پتھالوجی،فرانزک ودیگر ڈیپارٹمنٹ دیکھے۔

محسن نقوی نے چغتائی لیب میں جدیدمشینری اورآلات کے ذریعے معیاری میڈیکل ٹیسٹ کے نظام کو سراہتے ہوئے کہا سرکاری ہسپتالوں میں لیبز کو چغتائی لیب کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

مزید برآںنگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی ڈی ایچ کیو ،گوجرانوالہ ٹےچنگ ہسپتال اورمےڈےکل کالج بھی گئے،مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے، سٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے لواحقین ڈرپ ہاتھ میں پکڑ کر مریض کے سرہانے کھڑے ہونے پر مجبور تھے۔

تیمارداروں نے وزےراعلیٰ سے شکایت کی ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں مریضوں کے پیمپر تبدیل کرنے کے 300 روپے لئے جاتے ہیں ،وزیراعلیٰ نے صفائی کی ناگفتہ بہ صورتحال ،بدانتظامی پر شدید برہمی کااظہار کیا،دورے کے دوران مظلوم ماں مسز طاہرہ نے اپیل کی ڈاکٹر کی غلطی کی وجہ سے میری بیٹی موت کے منہ میں چلی گئی،انصاف کیا جائے،وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو فوری طور پر انکوائری کا حکم دےدیا۔