اٹااوا،نئی دہلی،نیویارک(مشرق نیوز)مودی حکومت کا جوابی اقدام، کینیڈین سفارتکار کو بھارت چھوڑنے کا حکم دےدیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی حکومت نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈوکے الزامات و بھارتی سفیر کی ملک بدری کا فوری جواب دیتے ہوئے کینیڈا کے سفیر کو بھارت چھوڑنے کا حکم دیا ،وزارت خارجہ نے کینیڈین ہائی کمشنر کو طلب کیا اور سفارتکار کی ملک بدری کے فیصلے سے آگاہ کیا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کینیڈا کے سینئر سفارتکار کو 5 روز میں ملک چھوڑنے کے احکامات دے دئیے جبکہ حکومت نے سکھ کے قتل پر کینیڈا کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مضحکہ خیز قراردےدیا۔
دریں اثنا بھارت میں کینیڈا کے ہائی کمشنر کیمرون میکے کی بھارتی دفترخارجہ طلبی کے بعد غصے سے دروازہ بند کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی،ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کینیڈین ہائی کمشنر بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی کے رپورٹر کے سوال کا جواب نہیں دیتے اور انتہائی غصے میں گاڑی کا دروازہ بند کردیتے ہیں۔
مزید برآںکینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا بھارت کو اشتعال دلانے کی کوشش نہیں کر رہے، سکھ رہنما کے قتل پر جواب چاہتے ہیں،اوٹاوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہابھارتی حکومت کو معاملے کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے،کشیدگی نہیں بڑھا رہے۔
ادھر امریکہ نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قاتلوں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کردیا،غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان نے کہا سکھ رہنما کے قتل پرکینیڈین وزیراعظم کے الزامات پر تشویش ہے اب اہم ہے کینیڈا کی تفتیش آگے بڑھے جبکہ برطانوی حکومت کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا بھارت پر سنگین الزامات کے بعد کینیڈا کےساتھ قریبی رابطے میں ہیں،معاملے پر کینیڈین حکام کی تحقیقات جاری ہیں لہٰذا مزید تبصرہ نامناسب ہوگا۔
مودی حکومت کا جوابی اقدام، کینیڈین سفارتکار کو بھارت چھوڑنے کا حکم

















