ساہیوال: مزید 8 اہم سڑکوں کی تعمیر نو کی منظوری،لاگت کا ابتدائی تخمینہ ایک ارب43کروڑ


ساہیوال(چودھری اشرف سے)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ذاتی دلچسپی اور مسلسل کاوشوں سے ساہیوال شہر کی مزید 8 اہم سڑکوں کی تعمیر نو کی منظوری دےدی گئی، سڑکیں پسپ پروگرام کے تحت مکمل کی جائیں گی جن پر لاگت کا ابتدائی تخمینہ ایک ارب43کروڑ18لاکھ روپے لگایا گیا ہے، منظوری پسپ کے صوبائی پروگرام ڈائریکٹر حمزہ سالک نے دی۔

کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے شہر کی ان اہم سڑکوں کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ہائی وے کو ہدایت کی ہے تمام سڑکوں کا پی سی ون ایک ہفتے میں مکمل کرکے بجھوایا جائے تاکہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سے باضابطہ منظوری حاصل کی جا سکے۔

شہر کی سول سوسائٹی اور سیاسی و سماجی حلقوں نے مسائل کے حل اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ذاتی دلچسپی لینے پر کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی مسلسل نگرانی سے ہی پسپ پروگرام پر عمل درآمد میں تیزی آئی اور اب جاری منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔

پروگرام ڈائریکٹر حمزہ سالک کی طرف سے منظور کئے گئے منصوبوں کی تفصیلات دیتے ہوئے سٹی منیجر پسپ ایم اسجد خان نے کہا ہے مشن چوک سے بھٹہ پٹرول پمپ تک گرلز کالج روڈ کو ڈبل کرنے اور فریدیہ پارک روڈ کی تعمیر نو پر 39کروڑ 19لاکھ روپے، چرچ روڈ پر 9 کروڑ 64لاکھ72ہزار روپے، ریلوے روڈ (جوگی چوک سے ریلوے سٹیشن تک) 24 کروڑ 42لاکھ41ہزار روپے، لیاقت روڈ (فائیو ویز چوک سے ٹینکی چوک تک) کو ڈبل کرنے پر 12کروڑ32لاکھ روپے، گلستان روڈ (ریلوے روڈ سے علی مسجد اور نادرا آفس چوک تک)12کروڑ67لاکھ26ہزار روپے، سپورٹس کمپلیکس کی تمام اندرونی سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر15کروڑ90لاکھ 77 ہزار روپے، جیل روڈ (ڈی سی آفس سے آذان ہائٹس براستہ سنٹرل جیل اور پولیس لائن) 12کروڑ30لاکھ روپے اور مڈھالی روڈ سے نورشاہ روڈ لنک (پاک ایونیو کالونی) کی تعمیر نو پر 16کروڑ 71 لاکھ 83 ہزار روپے لاگت آئے گی، انہوں نے مزید بتایا کہ پسپ پروگرام کے تحت شہر کی 5 اہم سڑکوں کی تعمیر نو کا کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے جن میں فتح شیر روڈ، ہائی سٹریٹ، علامہ اقبال روڈ، فرید ٹاون روڈ اور کالج روڈ کی تعمیر نو شامل ہیں۔