لاہور( کرائم رپورٹر،خبر نگار)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا اورقیدیوں کو حقیقی ریلیف دینے کیلئے تاریخ میں پہلی بار جیل میں قائم یوٹیلیٹی سٹور کا افتتاح کیا۔
یوٹیلیٹی سٹور کے قیام سے جیل کنٹین کے دہائیوں پرانے استحصالی نظام کا خاتمہ ہوگیا،قیدی یوٹیلیٹی سٹور سے معیاری اشیا سستے داموں خرید سکیں گے ،جیل ملازمین بھی خریداری کر سکیں گے۔
قبل ازیں پنجاب حکومت اور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے درمیان جیلوں میں یوٹیلیٹی سٹورز کے قیام کیلئے کوٹ لکھپت جیل میں معاہدہ طے پا یا،وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی موجودگی میں کوٹ لکھپت جیل میں معاہدے پر دستخط کئے گئے۔
انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات فاروق نذیر ، جی ایم آپریشنز یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سردار خان نے معاہدے پر دستخط کئے،معاہدے کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن پنجاب کی جیلوں میں یوٹیلیٹی سٹورز قائم کرے گی،مرحلہ وار پروگرام کے تحت پنجاب کی تمام جیلوں میں یوٹیلیٹی سٹورز قائم کئے جائیں گے ، قیدیوں کو سستے داموں معیاری اشیا دستیاب ہوں گی،قیدیوں کو جیل کنٹین کی من مانی قیمتوں کی وصولی سے مستقل نجات مل گئی۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کوٹ لکھپت جیل میں قائم یوٹیلیٹی سٹور کا افتتاح اور دورہ کیا،محسن نقوی نے یوٹیلیٹی سٹور میں قیدیوں کیلئے فراہم کردہ اشیا کا معائنہ کیا ،یوٹیلیٹی سٹور کو جیل کے احاطے کے اندر مناسب جگہ پر منتقل کرنے کا حکم دیا تا کہ یوٹیلیٹی سٹور کی سہولت سے تمام قیدی مستفید ہو سکیں اور اپنی ضرورت کے مطابق اشیا کی خریداری کر سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا پنجاب کی تمام جیلوں میں یوٹیلیٹی سٹورز قائم کئے جائیں گے،قیدی اپنی ضرورت کی معیاری اشیا مناسب داموں خرید سکیں گے،محسن نقوی نے پنجاب کی دیگر جیلوں میں 30روز کے اندر یوٹیلیٹی سٹور ز کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہاجیلوں میں بیکری بھی کھولی جائیں گی ،قیدی بیکری آئٹمز بھی مناسب نرخوں پر خرید سکیں گے۔
محسن نقوی نے قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنے والے عزیز و اقارب سے بھی ملاقات کی اور مسائل پوچھے ،حل کیلئے موقع پر ہی احکامات دیئے۔
تاریخ میں پہلی بار قیدیوں کو حقیقی ریلیف ،جیل میں یوٹیلیٹی سٹور کھل گیا

















