کولمبو کا آرپریما داسا سٹیڈیم بارش سے ڈوب گیا
کولمبو (مشرق نیوز) کولمبو میں میچز سے قبل موسم اپنا اثر دکھانے لگا جبکہ آر پریما داسا سٹیڈیم بارش سے جل تھل ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے باقی میچز اب کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں ہونگے ،ان میں سپر 4 راﺅنڈ کا پاکستان، بھارت مقابلہ بھی شامل ہے،البتہ بارش اس بار بھی رنگ میں بھنگ ڈالنے کیلئے تیار ہے، وینیو پہلے ہی گذشتہ روز ہونے والی تیز بارش کی وجہ سے کافی گیلا ہوچکا، وہاں ہفتے کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کا میچ ہونا ہے جبکہ اگلے روز پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ایس ایل سی کے چیف کیوریٹر گاڈفرے ڈیبریرا نے کہا کہ بارش کی پیشگوئی موجود ہے، صبح بھی تیز بارش ہوئی، جس سے پچ اور اردگرد کی جگہ گیلی ہوگئی، آﺅٹ فیلڈ میں بہت زیادہ پانی جذب ہوا مگر ہم اس کو میچز کیلئے تیار کرنے کیلئے پوری کوشش کررہے ہیں۔یاد رہے کہ موسم کی وجہ سے مقابلے کولمبو سے کسی اور وینیو منتقل کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا تھا تاہم بھارتی بورڈ نہیں مانا۔گاڈفرے نے کہا کہ کولمبو، پالے کیلی اور ہمبنٹوٹا تمام شہروں میں بارشیں ہورہی ہیں، ہم نے تینوں وینیوز پر 100 کے قریب سٹاف مقرر کیا اور سٹیڈیمز میں پچز تیار ہوں گی، ہمیں کہا گیا ہے کہ میچز کولمبو میں ہوں گے،ہم اسی حوالے سے تیاری کررہے ہیں مگر دیگر وینیوز بھی میزبانی کیلئے مکمل تیار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہونیوالی بارش سے مسئلہ نہیں بلکہ میچ کے دوران ایسا ہونے سے پریشانی زیادہ ہوتی ہے، ویسے بھی اگر محکمہ موسمیات پیشگوئی تھوڑا پہلے جاری کردیا کرے تو ہمیں زیادہ آسانی ہوجائے گی۔



















