اسلام آباد (بیورورپورٹ) بغاوت کیس میں ایمان مزاری کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیاگیا۔
ایمان مزاری کےخلاف تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی۔
پراسیکیوٹر نے کہا ایمان مزاری پر لوگوں سے رقم جمع کرنے اور ریاست مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کا الزام ہے، تفتیش کیلئے جسمانی ریمانڈ دیا جائے، ملزمہ کے قبضے سے رقم برآمد کرنی اور شریک ملزموں تک پہنچنا ہے،ایمان مزاری کی وکیل زینب جنجوعہ نے کہا 26 اگست 2023 کو ایمان مزاری کےخلاف ایف آئی آر درج کی گئی،ایک واقعہ پر متعدد ایف آئی آر درج نہیں کی جاسکتیں، عدالت مقدمے سے ڈسچارج کرے تو کسی اور کیس میں گرفتار کر لیا جائے گا، ایمان مزاری پی ٹی ایم کی عہدےدار نہیں، پراسیکیوٹر نے کہا جلسے کیلئے این او سی دینے کا یہ مطلب نہیں ریاست مخالف نعرے لگائے جائیں، عدالت ریمانڈ دے گی تو شواہد اکٹھے کریں گے،عدالت نے استدعا منظور کرلی۔
دریں اثناسماجی کارکن ایمان مزاری نے حفاظتی ضمانت کےلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا،درخواست میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل و ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا،ایمان مزاری نے موقف اپنایا ایک کے بعد ایک مقدمے میں گرفتاری کا سامنا ہے ، حفاظتی ضمانت فراہم کی جائے تاکہ ضمانت قبل ازگرفتاری کےلئے متعلقہ عدالت سے رجوع کرسکیں ۔
بغاوت کیس، ایمان مزاری ریمانڈ پر پولیس کے سپرد

















