بریڈ فورڈ (مشرق نیوز) بریڈ فورڈ برطانیہ کے پاکستانی قونصلیٹ آفس سے پاکستان کا پرچم اُتار کر تحریک انصاف کے جھنڈے کو لہرانا وطن دشمن اقدام ہے۔ واقعہ کے ذمہ داران کیخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ غداران پاکستان کیخلاف قرار واقعی کارروائی کی جائیگی۔ اس امر کا اعلان حکومت پاکستان کے فوکل پرسن برائے اوورسیز پاکستانیز و کشمیری کمیونٹی اور چیف آرگنائزر بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ آصف نسیم راٹھور نے پی ٹی آئی کارکنوں کی طرف سے قومی پرچم کی بے حرمتی کیخلاف اظہار یکجہتی کیلئے آنیوالے ایک پاکستانی و کشمیریوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں آباد پاکستانیوں کو اپنی جان سے بھی مقدم پاکستان کا وقار ہے مگر پی ٹی آئی کے ایک جتھے نے احتجاج کی آڑ میں پاکستانی قونصلیٹ پر لگے قومی پرچم کو اتار کر اپنی پارٹی کا جھنڈا لگا کر پاکستانیوں کے قومی ملی جذبوں کو شدید گزند پہنچائی اور دیار غیر میں ملکی و قومی وقار کو خاک میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے وفد کے اراکین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عزم کیا کہ غداران قوم کو مستقبل میں باہمی اتحاد و یگانگت سے ایسی کوئی بھی حرکت نہیں کرنے دیں گے۔
پاکستان قونصلیٹ پر پی ٹی آئی کا جھنڈا لہرانا وطن دشمنی ہے: آصف نسیم راٹھور



















