جوہانسبرگ (مشرق نیوز) امریکی ڈالر کی بالادستی کو کم سے کم کرنے کیلئے نئی برکس کرنسی متعارف کرانے کی بات زور پکڑ رہی ہے جبکہ برازیل ، روس ، بھارت ، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل گروپ کی قیادت اسی ماہ سربراہ اجلاس کی تیاری کررہی ہے۔اس اقتصادی بلاک کا یہ سربراہ اجلاس جنوبی افریقا میں 22 سے 24 اگست تک ہوگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق گروپ کی توسیع کے علاوہ ایجنڈے کے اہم موضوعات میں برکس ممالک کے درمیان مقامی کرنسیوں میں تجارت کا فروغ اور امریکی ڈالر پر انحصار کو کم کرنے پر اصرار شامل ہیں۔یہ بلاک ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے امریکی ڈالر پر اپنا انحصار کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، لیکن عالمی تجارت اور مالیات میں امریکی ڈالر کے غلبے کو کم کرنے کیلئے ڈی ڈالرائزیشن کے خیال نے یوکرین پر روس کے حملے کے بعد زیادہ توجہ حاصل کی ہے۔ اس جنگ کے نتیجے میں امریکہ نے ماسکو پر بھاری مالی پابندیاں عائد کی ہیں۔ امریکہ نے روس کے قریباً 300 ارب ڈالر کے غیر ملکی زرِمبادلہ کے ذخائر منجمد کرلئے ہیں اور روسی بینکوں کو عالمی مالیاتی نظام سوئفٹ سے ہٹا دیا ہے۔یہ بین الاقوامی ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنے والا عالمی پیغام رسانی کا نظام ہے۔برکس ممالک کا ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے مطالعہ کرنے والی اسکالر میہیلا پاپا نےداکنورسیشن میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہا ہے کہ امریکہ میں بڑھتی ہوئی شرح سود اور قرض کی حد کے حالیہ بحران نے دیگر ممالک میں ڈالر پر مبنی قرضوں کے بارے میں تشویش پیدا کردی ہے۔
نئی برکس کرنسی متعارف کرانے کی بات زور پکڑنے لگی



















