ایک اور بجلی بم تیار،نرخ بڑھانے کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،خبر نگار،کورٹ رپورٹر)عوام پر پھر بجلی گرانے کی تیاری، بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواست دائر کر دی۔

نیپرا ڈسکوزکی درخواست پر 23 اگست کو سماعت کرےگا،قیمت میں اضافے سے صارفین پر 144 ارب 68 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

ادھر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سپریم کورٹ کے ہیومن سیل میں درخواست دائر کردی گئی،مقامی وکیل مدثر چوچودھری نے موقف اپنایا بجلی کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ کرکے فی یونٹ 50 روپے کردیا گیا ،غریب آدمی خود کشیاں کررہے ہیں،استدعا ہے قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا حکم دیا جائے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف دائرمتفرق درخواست پر متعلقہ فریقین کو نوٹسزجاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویراحمد نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی متفرق درخواست پر سماعت کی،درخواست میں موقف اختیارکیا گیا حکومت نے پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ کرکے عوام پر ظلم کیا۔