لاہور ( خبر نگار ) محکمہ بلدیات پنجاب پیڈا کے تحت شروع ہونے والی سنگین نوعیت کی انکوائریوں پر دوہرے معیار کا شکار ہو کر رہ گیا ، حال ہی میں بلدیہ عظمیٰ کے متعدد افسروں کے خلاف پیڈا کی انکوائری شروع ہونے سے قبل ان کو تو عہدوں سے ہٹایا گیا مگر لاہور میں تعینات پلاننگ افسر نشتر زون سمیرا چوہان کو پیڈا لگنے کے ایک ہفتہ بعد بھی کام سے نہ روک کر جانبدارانہ طرز عمل اپنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ جس کے بعد مذکورہ خاتون افسر اور بلڈنگ انسپکٹر عصمت اللہ، طارق سعید ریکارڈ میں ردو بدل کے ذریعے سنگین نوعیت کی انکوائری پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ مذکورہ ملزمان کے خلاف شروع ہونے والی انکوائری عزیز بھٹی زون کی ہے، جہاں دوران تعیناتی انہوں نے اختیارات کے ناجائز استعمال کے ذریعے من پسند بلڈنگوں سے مبینہ بھاری رشوت وصول کرکے بائی لاز کی خلاف ورزی کروائی، تاہم اس حوالے سے مکمل جانچ پڑتال کے بعد 31 جولائی کو ملزمان کے خلاف پیڈا کے تحت انکوائری کا آغاز تو کردیا گیا ہے مگر ملزمان کو تاحال عہدے سے فارغ نہ کر کے ریکارڈ میں ردو بدل کا بھرپور موقع فراہم کیا گیاہے تاکہ محفوظ راسطہ اپنا لیا جائے۔ مذکورہ ملزم خاتون افسر اور بلڈنگ انسپکٹر عصمت اللہ اب نشتر زون میں تعینات ہیں اور یہاں بھی تعیناتی کے روز سے لیکر اب تک مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی رشوت وصولی کے عوض ماسٹر پلان کی تباہی کے مرتکب پائے گئے ہیں جس میں قابل ذکر رنگ روڈ پر واقع غیر قانونی بنکر کوآپریٹو سوسائٹی ہے جہاںجعل سازی سے رہائشی نقشوں پر کمرشل عمارتوں کا جال بچھایا گیا، ایل ڈی اے کنٹرول ایریاز میں سینکڑوں نقشے پاس کردئیے ہیں جبکہ متعدد انڈسٹریوں سے کنورژن فیس وصول نہ کر کے سرکار ی خزانے کی چوری کا بھی ارتکاب کیا گیا ہے۔
محکمہ بلدیات میں پیڈا کے تحت شروع سنگین انکوائریاں دہرے معیار کا شکار



















