لاہور (قمر عباس) محرم الحرام کے موقع پر اوقاف پنجاب انتظامیہ کی جانب سے شہر سمیت پنجاب بھر کے مزارات پر سکیورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث دہشت گردی کا خدشہ بڑھ گیا۔ بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ، مزارات پر حفاظتی اقدامات زیرو، زائرین میں خوف ہراس میں مبتلا ہونے لگے۔ محرم الحرام کے ایام میں مختلف اضلاع سمیت لاہور کو حساس ترین ضلع قرار دے گیا ہے۔ اس صورتحال کے بعد بھی اوقاف انتظامیہ کی جانب سے شہر میں بڑے مزارات داتا دربار اور پیر مکی سمیت دیگر مزارات پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات نہیں کئے جا سکے جس سے دہشت گردی کا کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے جو خدانخواستہ بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔ علاوہ ازیں صوبہ بھر میں 547کے قریب مزارات، 437 مساجد اور 72 کے قریب مدارس میں محکمہ اوقاف انتظامیہ کی طرف سے سکیورٹی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجہ سے کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔ اسکے علاوہ پنجاب کے مختلف اہم شہروں میں 100کے قریب ایسے مزارات ہیں جن پر یومیہ کی بنیاد پر کثیر تعداد میں زائرین حاضری کیلئے آتے ہیں۔ ان پر اوقاف انتظامیہ کی جانب سے صرف عرس کے ایام میں ہی سیکورٹی و دیگر انتظامات کو فول پروف بنانے کی کوشش کی جاتی ہے جبکہ عام دنوں میں ان مزارات سمیت دیگر مساجد اور مدارس پر سیکورٹی برائے نام تعینات ہوتی ہے جبکہ محرم الحرام میں بھی سیکورٹی انتظامات برائے نام ہیں جس سے موجودہ حالات میں کوئی بھی دہشت گرد بآسانی ان مقامات پر حملہ کرکے انسانی جانوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ان اہم مقامات کے خارجی اور داخلی راستوں پر سیکورٹی انتظامات انتہائی ناقص ہیں جو کہ محکمہ اوقاف انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس حوالے سے زائرین میں خوف ہراس دیکھنے میں آرہا ہے اور انکا کہنا ہے کہ اوقاف انتظامیہ کو صرف اور صرف نذرانہ کی رقم حاصل کرنے کی پڑی ہوتی ہے اور زائرین کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر کسی قسم کے انتظامات نہیں کئے گئے۔ صرف چند ایک اہلکار دیکھنے میں آتے ہیں لیکن وہ بھی برائے نام ہیں۔ کسی بھی زائر کو مزار میں داخل ہونے کے وقت چیک نہیں کیا جاتا جس سے کسی وقت بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے۔ دوسری طرف اوقاف ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام اہم مزارات پر محرم الحرام کے دوران ضرورت کے مطابق سکیورٹی انتظامات کررکھے ہیں۔ زائرین کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جارہی اور سیکورٹی انتظامات پہلے سے ہی بہتر ہیں۔
سکیورٹی کے ناقص انتظامات، پنجاب بھر کے مزارات پر دہشت گردی کا خطرہ



















