دربار بی بی پاکدامن ،زائرین کے داخلے پر عائد پابندی ختم، تعمیراتی کام عارضی طور پر موخر

لاہور(اپنے نمائندے سے) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر اوقاف انتظامیہ کا محرم الحرام کے موقع پر دربار بی بی پاکدامن زائرین کے داخلہ پر عائد پابندی ختم، تعمیراتی عارضی طور پر موخر، مجالس اور محافل کا انعقاد، ملک بھر سے کثیر تعداد میں زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے دربار بی بی پاکدامن کی تزین و آرائش کے حوالے سے تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے زائرین کے داخلہ پر مکمل طور پر پابندی عائد کر رکھی تھی جس کی وجہ سے عقیدتمندوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پابندی کی وجہ سے زائرین مرکزی گزر گاہ پر ہی حاضری دینے پر مجبور ہو چکے تھے۔ محرم الحرام کے موقع پر نگران وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے عقیدتمندوں کی خاطر مزار کو زائرین کے داخلہ کی خاطر اجازت کے احکامات جاری کئے گئے۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے ملک کی ترقی وسلامتی اور عوام کی خوشحالی کےلئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر محکمہ اوقاف کی جانب سے تزین و آرائش کےلئے جاری ترقیاتی کام کو فی الفور بند کرتے ہوئے زائرین کو داخلہ کی اجازت دےدی گئی ہے جس میں زائرین کےلئے تمام تر حفاظتی اقدامات بھی کئے گئے ہیں۔ محکمہ اوقاف دربار بی بی پاکدامن منیجر کی طرف سے زائرین کو ایام میں مجالس اور محافل کرنے کی خاطر سہولیات کی فراہمی کی خاطر تمام تر انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تعمیر اتی کام کی وجہ سے مجالس وعزادری اور محافل کی خاطر محدود وسائل کی فراہمی کی گئی ہے۔ محرم الحرام کے ایام میں ملک بھر سے زائرین بی بی پاکدامن مزار پر امام حسین ؑ اور ان کے اہل بیت و اصحاب کی کربلا میں عظیم قربانی پر پرسہ دینے کی خاطر حاضری دیتے ہیں۔ ماہ صیام میں تمام اہل اسلام اپنی اپنی عقیدت کے مطابق اظہار افسوس کرتے ہوئے نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ محرم الحرام میں مزار میں داخلہ پر عائد پابندی کا خاتمہ کرتے ہوئے زائرین کے مسائل کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ زائرین کی کہنا ہے کہ شہادت امام حسین ؑ کے ایام کی خاطر مزار میں داخلہ پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے اہم اقدام کیا ہے اور عزاداری مجالس اور محافل کے انعقاد کی اجازت سے انکو روحانی سکون دیا گیا ہے۔ منیجر بی بی پاکدامن شیخ جمیل کا کہنا ہے کہ محرم الحرام میں شہادت امام حسین ؑ کے غم میں تمام امت مسلمہ غمزدہ ہیں۔ مزار پر تعمیرات کی وجہ سے داخلہ پر پابندی عائد کی گئی تھی جس کو وزیر اعلی پنجاب کے احکامات پر تعمیر اتی کاموں کو عارضی طور پر موخر کیا گیا ہے تاکہ زائر محرم الحرام میں زائر دربار میں داخل ہوکر امام حسین ؑ کی شہادت کے حوالے سے مجالس ،محافل اور عزادری کر سکیں۔ اس حوالے سے زائرین کی حفاظت اور سہولیات کی فراہمی کےلئے تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے ہیں ۔