لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام 13جولائی کو فلٹیز ہوٹل میں دستکار میلہ منعقد ہوگا اور وزیر اعلیٰ پنجاب اس کا افتتاح کریںگے۔ دستکار میلے میں صوبے بھر سے دستکار، کاریگر اور ہنر مند شرکت کریں گے، دستکاروں کو اپنے فن کے جوہر دکھانے کا موقع میسر آئےگا، میلے میںدستکار لائیو پرفارمنس کا مظاہر کریں گے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر سے ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن عاصم جاوید نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور دستکار میلے کے حوالے سے کئے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دستکار میلے کے انعقاد کا مقصد ہنر مند اور دستکاروں کے فن کو سراہنا، ان کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر پہچان ہے تاکہ ہنرمندوں اور دستکاروں کی ترویج اور ہنر کو فروغ دیا جاسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہینڈی کرافٹ شاپ کے سٹال پر ہینڈی کرافٹس 20 فیصد کم قیمت پر ملیں گی۔ دستکار میلے میں خطاطی اور مصوری کے مقابلے ہوں گے، جیتنے والوں کو انعامات دیئے جائیں گے۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ ملک کے سافٹ امیج کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے میں دستکاروں کا کلیدی کردار ہے۔ دستکار ہماری پہچان ہیں اور پنجاب حکومت دستکاری کے فن کی ترویج کےلئے ہر ضروری اقدام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہنر مندوں کی حوصلہ افزائی کےلئے جلد نئی سکیم لارہی ہے۔ دستکاروں کی تخلیق کے شاہکار سفارتخانوں کے ذریعے دنیا بھر میں متعارف کرائے جائیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ دستکاریوں میں پنجاب کی ثقافت کے رنگ جھلکتے ہیں۔ پنجاب کی دستکاریاں دنیا بھر میں مشہور ہیں اور انہیں پسند کیا جاتا ہے۔ اسلئے دستکاروں کے فن کو کسی صورت مرنے نہیں دیںگے۔
پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام دستکار میلہ کل، وزیر اعلیٰ افتتاح کرینگے :ایس ایم تنویر



















