لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید) شوگر اور آٹا مافیا کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے آٹے اور چینی کی قیمتوں میں مسلسل روزانہ کی بنیاد پر اضافہ جاری ہے جس پر متعلقہ اداروں نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مفت آٹا سکیم میں کھربوں روپے کی دیہاڑی لگانے کے بعد فلور ملز مالکان نے گندم کی قیمت کو جواز بنا کر آٹے کی قیمت میں فی 10 کلو 100 روپے سے 200 روپے تک کا اضافہ کردیا ہے جو کہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ مفت آٹا سکیم میں کھربوں کی کرپشن پر نیب انکوائری جاری ہے، دوسری طرف شوگر مافیا نے تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں بھی 4 روپے فی کلو اضافہ کردیا ہے جس کے بعد 50 کلو آٹے کا تھیلا 6300 سے بڑھ کر 6500 ہوگیا ہے جبکہ چینی کی قیمت میں ایک ماہ کے دوران 20 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد تھوک مارکیٹ میں چینی 134 روپے کلو ہوگئی ہے۔ خدشہ ہے شوگر مافیا کی طرف سے ذخیرہ اندوزی کے بعد قیمتوں میں مزید اضافے ہوسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق شوگر مافیا چینی کی ذخیرہ اندوزی کےلئے فلور ملز کے گودام استعمال کررہا ہے جس پر متعلقہ اداروں کی خاموشی معنی خیز ہے۔ عوامی حلقوں نے اعلی حکام سے چینی اور آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
شوگر اور آٹا مافیا کا گٹھ جوڑ، قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری، متعلقہ اداروں کی پراسرار خاموشی



















