چولستان کے علاقے کو میٹ ایکسپورٹ بڑھانے کےلئے فوکس کیا جائےگا:ابراہیم حسن مراد

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان سے میٹ اینڈ ڈیری کی ایکسپورٹ کیلئے پہلا خصوصی اقتصادی زون قائم کرنے کیلئے پیشرفت جاری ہے، بہاولپور میں قائم کئے جانے والے خصوصی اقتصادی زون میں گوشت اور ڈیری مصنوعات کا الگ الگ سیکشن ہوگا۔ نگران وزیر لائیوسٹاک ابراہیم حسن مراد کی زیرصدارت فالواپ اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری لائیوسٹاک، بورڈ آف ریونیو، ٹریڈبورڈ اور دیگر محکموں کے افسروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں میٹ ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے خصوصی اقتصادی زون کے قیام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں چولستان میں 50 ہزار ایکڑ پر مشتمل خصوصی اقتصادی زون کے مختلف پہلوﺅںکا جائزہ لیا گیا ۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ چولستان کے علاقے کو میٹ ایکسپورٹ بڑھانے کےلئے فوکس کیا جائےگا،بہاولپور خصوصی اقتصادی زون میں گوشت اور ڈیری مصنوعات کا الگ الگ سیکشن ہوگا، یہ پاکستان کا میٹ اینڈ ڈیری ایکسپورٹ کا پہلا خصوصی اقتصادی زون ہوگا۔ نگران صوبائی وزیر نے چیئرمین ٹریڈ بورڈ کو مکمل پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پلان وزیراعلی محسن نقوی کو منظوری کےلئے پیش کیا جائےگا، بورڈ آف ریونیو اراضی کے انتقال میں پیچیدگیاں دور کرےگا،گوشت اور دودھ کی ایکسپورٹ کا پورا پوٹینشل بروئے کار لائیں گے۔