دنیا کااعتماد بحال،آئی ایم ایف سے چھٹکارے کیلئے معیشت کو مضبوط کرنا ہوگا،احسن اقبال

لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے شناخت پاکستان سے بڑی نہیں ، اپنی سیاست و ریاست کے مفاد میں فرق کی تمیز سیکھنا ہوگی،پاکستان کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے ،مشرف کے مارشل لاءکا سامنا کیا لیکن کبھی امریکہ جاکر نہیں کہا پاکستان کی امداد بند کردو،2018میں نواز حکومت نہیں بلکہ ترقی چھینی گئی اب پاکستان پر دنیا کا اعتماد بحال ہوگیا ،سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے،ملکی معیشت کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔


احسن اقبال نے کہا 2018ءمیں تبدیلی لاکر سوشل میڈیا پر نفرت انگیز نسل تیار کی گئی ،حامد خان نے بھی کہہ دیا نوازشریف کو نکالنے کا فیصلہ پانامہ سے پہلے ہو چکا تھا ،مجھے سپورٹس کمپلیکس بنانے کی پاداش میں سوا 2مہینے موت کی چکی میں رکھا گیا ،نفرت کی بنیاد پر گولی کا نشانہ بنایا گیا،گولی کھائی ،جیل بھی گیا مگر سیاست نہ جماعت اورنہ مقصد کو پیچھے چھوڑا بلکہ سرخرو ہوگئے لیکن اب ملک کہاں کھڑا ہے،آئی ایم ایف کے محتاج ہیں معاہدے کو قبول کرنے کےلئے راضی ہیں کیونکہ اور کوئی چارہ نہیں۔