بغاوت کیس، شہباز گل کو فوری گرفتار اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع ،عدالت نے فوری گرفتار اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کاحکم دےدیا۔

عدالت نے شہباز گل کےخلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز مسلسل عدم پیشی کے سبب کیا،ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس نے ہدایت کی شہباز گل پاکستان میں جس ایئرپورٹ پر نظر آئیں گرفتار کر کے پیش کیا جائے،عدالت نے کہا شہباز گل جان بوجھ کر کیس کے ٹرائل کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے، شہباز گل کی اسلام آباد اور فیصل آباد کی رہائش گاہ کے باہر اشتہاری قرار دینے کا اشتہار چسپاں کیا جائے،عدالت نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ،اسلام آباد کو شہباز گل کی جائیداد کی رپورٹ 30 دن میں جمع کرانے کا حکم بھی دےدیا۔

دوران سماعت پولیس کی جانب سے شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ بھی جمع کرائی گئی،پولیس نے کہاشہباز گل کو وارنٹ کے مطابق گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن وارنٹ کی تعمیل نہ ہونے کیلئے شہباز گل جان بوجھ کر امریکہ چلے گئے،عدالت نے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے و دیگر رپورٹس 26 جولائی کو طلب کر لیں۔