قوت سماعت سے محروم افراد کو اب پولیس دفاتر میںمشکلات نہیں ہونگیں :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں سائن لینگویج انٹرپریٹر اور سماجی تنظیم کونیکٹ ہیر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر عظیمہ دھانجی سے ملاقات کی ۔ دوران ملاقات عظیمہ دھانجی کا قوت سماعت سے محروم شہریوں کی مدد کیلئے اپنے ادارے کے انٹرپریٹرز کی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی جس پر قوت سماعت سے محروم شہریوں کی سہولت کیلئے فوری طور پر عمل درآمد کی ہدایت کر دی ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کونیکٹ ہیرعظیمہ دھانجی نے بتایا کہ کونیکٹ ہیر ایپ کے ذریعے انکے ادارے کے انٹرپریٹرز ویڈیو لنک ٹیکنالوجی کے ذریعے سائن لینگوئج کو ٹرانسلیٹ کرکے متاثرہ شہری اور دوسرے فرد کی دو طرفہ کمیونیکیشن کرواتے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس کے تھانوں، خدمت مراکز، تحفظ سنٹرزسمیت دیگر دفاتر میں آنے والے قوت سماعت سے محروم شہریوں سے گفتگو کیلئے کونیکٹ ہیر سے استفادہ کیا جائےگا اور پولیس دفاتر میں آنے والے قوت سماعت سے محروم شہریوں کو اب کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کی ہرمس ایپ، پبلک ایپ اور کرائم پریونشن ایپ میں بھی کونیکٹ ہیر ایپ کا لنک شامل کیا جائےگا۔آئی جی پنجاب نے عظیمہ دھانجی کی دوران تقریب پولیس خدمت مراکز میں تعینات سٹاف، انچارجز سے بھی ملاقات کروائی جس میں عظیمہ دھانجی نے کونیکٹ ہیر ایپ کا ڈیمو بھی پیش کیا۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی بہتری کےلئے شاندار اقدام ، سی ٹی ڈی کارپورلز کے کیرئیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم ہوگئیں۔ پنجاب کابینہ نے کانٹر ٹیررازم فورس کے سروس اینڈ پروموشن رولز میں تبدیلی کی باضابطہ منظوری دے دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سی ٹی ڈی کارپورلز کا بہترین سروس اینڈ پروموشن سٹرکچر تشکیل دے دیا گیا ہے اور سی ٹی ڈی میںخدمات سر انجام دینے والے کارپورلز اب گریڈ 12 کی بجائے گریڈ 14 میں ڈائریکٹ انڈر آفیسرز پروموٹ ہوں گے،ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ترمیم شدہ رولز کے بعد گریڈ 11 میں بھرتی ہونے والا کارپورل گریڈ 19 تک ترقی کی منازل طے کر سکے گا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ آج 300 سے زائد کارپورلز کی ڈی پی سی کے بعد گریڈ 14 میں ترقی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائےگا، ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ سی ٹی ڈی کے پروموشن کیڈر کے ملازمین کی گریڈ 17،18 اور 19 میں سیٹیں بڑھا دی گئیں،کانٹر ٹیررازم فورس کے ترمیم شدہ رولز کے تحت گریڈ 14 سے گریڈ 19 تک 419 سیٹوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے،سی ٹی ڈی میں انڈر آفیسرز کی 320، سینئر انڈر آفیسرز کی 72، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی 12 سیٹیں بڑھائی گئی ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر کی 06 اور ایڈیشنل ڈائریکٹر کی 02 سیٹوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ دہشت گردی کے چیلنج سے نبرد آزما سی ٹی ڈی میں انتہائی کوالیفائیڈ نوجوان بہترین ٹریننگ کے بعد گریڈ 11 میں کارپورلز بھرتی کئے گئے، 2015 اور بعد ازاں دو مزید بیجز میں مجموعی طور پر 1500 کے قریب کارپورلز بھرتی کئے گئے،گریڈ 11 میں بھرتی ہونے والے کارپورلز کو 08 سال گزرنے کے باوجود اگلے گریڈ میں ترقی نہ دی جا سکی تھی، ماضی میں سی ٹی ڈی کارپورلز کے سروس سٹرکچر اور پروموشن رولز میں تبدیلی کی کوئی سنجیدہ کوشش بھی سامنے نہیں آئی تھی ۔ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف صف آرا سی ٹی ڈی کارپورلز کو ترقی کے حق سے عرصہ دراز سے محروم رکھا گیاتاہم وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب پولیس کے تمام یونٹس میں سروس اور پروموشن سٹرکچر بہتر کیا گیا ہے جس کے نتیجے میںسینکڑوں کا رپورلز کی محکمانہ ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہونگی اور انکا کیرئیر ترقی کی منازل طے کرتا رہے گا۔