ڈی ایچ کیو قصور کو مثالی ہسپتال بنائینگے، مزید جدید مشینری فراہم کی جائیگی :ڈاکٹر جاوید اکرم
لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کا دورہ قصور‘ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم‘ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا‘پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن قصور کے عہدیداران سے ملاقات کی ‘محکمہ ہیلتھ سمیت دیگر محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور ارشد بھٹی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر لائیق چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سعد بن شبیر، پی ایم اے کے عہدیداران ڈاکٹر خالد، ڈاکٹر محمد شفیق شیخ، ڈاکٹر ادریس شیخ اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت نے ڈی سی کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کی اور محکمہ ہیلتھ سمیت دیگر محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر پی ایم اے کے عہدیداران نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن سمیت دیگر طبی سہولیات کی بہتری کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہاں پر ممکنہ سیلابی صورتحال،مون سون بارشوں کے پانی کی فوری نکاسی سمیت دیگر قدرتی آفات سے بروقت نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال دورہ کے موقع پر ایمرجنسی وارڈ، کارڈیک سینٹر اور دیگر وارڈز میں طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مریضوں اور انکے لواحقین سے فراہم کردہ طبی سہولیات بارے دریافت کیا اور خود مریضوں کا چیک اپ بھی کیا اس موقع پر ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز کو مریضوں کے بہترین علاج معالجہ کیلئے ہدایات دیں اور کہا کہ ہسپتال میں آنےوالے مریضوں کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں۔صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا اور وہاں پر نو عمر اسیران، جیل ہسپتال اور اسیران کو دیئے جانیوالے کھانے کے معیار کو چیک کیا۔ اس موقع پر سپریٹنڈنٹ جیل میاں عمیر اکرم بھی ہمراہ تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر کیا جارہا ہے اور ڈی ایچ کیو کو مثالی ہسپتال بنایا جائیگاجہاں پر بہت جلد جدید مشینری فراہم کی جائیگی اور سینئر ڈاکٹرزپر مشتمل وفد ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کا چیک اپ کیا کرینگے۔ انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور ڈسٹرکٹ جیل میں انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔



















