واساشعبہ ایڈمن:8 سپرنٹندنٹس کی ترقی کے احکامات خفیہ، سی بی اے کو پرموٹ کرنے کا منصوبہ

لاہور (قمر عباس نقوی) واسا انتظامیہ کا 8 اسسٹنٹ کو سپرنٹنڈنٹ کی ترقی کے احکامات سمیت، شعبہ ایڈمن کا دو روز قبل ملازمین کی حاضری رپورٹ کو خفیہ سی بی اے کو پرموٹ کرنے کا منصوبہ، آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن فور کی سنیارٹی لسٹ میں میرٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے ایل ڈی اے کی مدت ملازمت 5 سال کی بجائے خودساختہ 15سال کی شرط کی بنیاد پر محکمانہ پروموشن کمیٹی کو گمراہ کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی احکامات کی روشنی میں تمام محکمہ جات میں ترقی کے منتظر ملازمین کو میرٹ کے مطابق فی الفور ترقی کرنے پر پابند کیا گیا جس پر واسا میں شعبہ ایڈمن کی جانب سے ملازمین کو ترقی کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔ گزشتہ ماہ کے آخر میں واسا لاہور میں 8 سپرنٹنڈنٹ کی خالی آسامیوں پر ملازمین کو ترقی دینے کی خاطر آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر فور وسیم کی جانب سے چار پرموٹی اسسٹنٹ کے نام شامل کئے گئے جبکہ محکمہ میں براہ راست اسسٹنٹ بھرتی ہونےوالے ملازمین کو نظرانداز کیا گیا جس میں مدت ملازمت پانچ سال کی بجائے پندرہ سال کی شرط کو بنیاد بنایا گیا اور میرٹ لسٹ میں بعد میں آنے والے چار ملازمین کو ترقی دےدی گئی۔ اسکے بعد ترقی کے احکامات کو جاری کرنے کی بجائے خفیہ رکھنے کی منصوبہ بندی اختیار کی گئی جو کہ آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر فور کی حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ واسا میں ترقی حاصل کرنےوالے سپرنٹنڈنٹ میں مولوی امجد، مولوی صہیب، رانا مدثر، رانا اشرف، ریاض جبار اور دیگر شامل ہیں۔ شعبہ ایڈمن کا سی بی اے واسا کو آئندہ ریفرنڈم میں فتح کی خاطر پروموٹ ہونیوالے ملازمین کو ترقی کے بعد ایڈمن میں سی بی اے کے مرکزی رہنماءکی سرپرستی میں حاضری رپورٹ لی گئی جس سے تاثر دیا گیا، اس پروموشن کے وسیلہ سی بی اے ہے۔ ذرائع کے مطابق آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن فور وسیم جو کہ محکمہ میں شعبہ ایچ آر میں تعینات ہوئے ذاتی انا کی وجہ سے براہ راست اسسٹنٹ بھرتی ہونے والے اسسٹنٹ کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ ایڈمن ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک میٹنگ منٹس جاری نہیں ہوئے جس کے بغیر ہی ملازمین کی حاضری رپورٹ لی گئی ہے۔ آن پے سکیل ڈپٹی ڈائریکٹر فور وسیم کی جانب سے ترقی احکامات کو خفیہ رکھنے اور سی بی اے کے مرکزی رہنماءکے ذریعے حاضری رپورٹ لینے کے معاملہ پر موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا لیکن انہوں نے موقف نہیں دیا۔ واسا ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ ایڈمن کا ہے مجھے اسکے حوالے سے علم نہیں ہے۔ واسا لیبر یونین پھول کے صدر سعید احمد خان کا کہنا تھا کہ سپرنٹنڈنٹ کی ترقی کے احکامات کو خفیہ رکھنا اور انتظامیہ کی جانب سے خفیہ طور پر سی بی اے مشعل یونین کو پروموٹ کرنے کی حکمت عملی ناقابل قبول ہے۔ ایڈمن کےلئے تمام تر لیبر یونین اور ملازمین کےلئے ایک جیسا سلوک ہونا چاہئے اور ریفرنڈم میں کسی بھی یونین کی فتح کی خاطر مداخلت لمحہ فکریہ ہے۔ میں اس عمل کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، ملازمین کو یہ حق ہونا چاہیے کہ وہ اپنی مرضی سے سی بی اے کا انتخاب کریں۔ ملازمین کی ترقی کے بعد حاضری رپورٹ سی بی اے کے صدر کے ذریعے دلوانے ایڈمن کا غیرمنصفانہ عمل ہے۔