پاکستان میں دو طرفہ کرکٹ کیلئے پی سی بی کے اقدامات قابل تعریف ہیں:چیئرمین آئی سی سی

لاہور (مشرق نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین گریگ بارکلے نے کہا ہے کہ پاکستان آ کر بہت خوشی ہوئی ہے، پاکستان میں دو طرفہ کرکٹ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹیو جیف الڈرائس کا دو روزہ لاہور کا دورہ اختتام کو پہنچا۔ گریگ بارکلے اور جیف الڈرائس نے اپنے دو روزہ دورے کے دوران قومی کرکٹ اکیڈمی، لاہور قلعہ، لاہور میوزیم، مینارِ پاکستان اور سیف سٹی اتھارٹی کا دورہ کیا۔آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کا کہنا تھا کہ ان کی سوچ یہ ہے کہ آئی سی سی کے تمام رکن ممالک کا دورہ کیا جائے اور دیکھا جائے کہ ہر رکن ملک میں کرکٹ اور اس کے انتظامی معاملات اس کے دائرہ اختیار کے تحت کس طرح چلائے جا رہے ہیں کیونکہ ہر ملک اپنے سائز، معیشت اور کرکٹ کی درجہ بندی کے اعتبار سے دوسرے سے مختلف ہے۔گریگ بارکلے نے پاکستان میں کرکٹ کی سہولتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سہولتیں اور کرکٹ سے متعلق پروگرام بہت زبردست ہیں، اب چونکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آ چکی ہے لہٰذا پاکستان کرکٹ بورڈ دوطرفہ کرکٹ کے انتظامات کے سلسلے میں کامیابی کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔