بھارتی پہلوانوں کا انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال کرنے کا پلان

نئی دہلی (مشرق نیوز) احتجاج کرنے والے بھارتی ایلیٹ پہلوانوں نے انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال کرنے کا پلان بنا لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس نے انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ جب پہلوانوں کی جانب سے مظاہرے کی اجازت مانگی جائے گی تو انہیں کوئی اور جگہ تجویز کی جائے گی۔دوسری جانب ریسلنگ کی عالمی باڈی یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) نے ریسلرز کی گرفتاری کا نوٹس لے لیا، عالمی ریسلنگ باڈی نے ریسلرز کی گرفتاری پر مذمتی بیان جاری کیا ہے۔عالمی باڈی نے فیڈریشن کے صدر کے خلاف تحقیقات کو سامنے نہ لانے پر بھی تنقید کی ہے۔یو ڈبلیو ڈبلیو نے کہا ہے کہ 45روز میں انتخابات نہ کرائے گئے تو انڈین ریسلنگ فیڈریشن کو معطل کر دیا جائے گا، ریسلرز کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اور انہیں حراست میں رکھنا قابل مذمت ہے، الزامات کی مکمل تحقیقات کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریسلرز نے بات چیت کر کے معاملات حل کرنے کیلئے 5روز کا الٹی میٹم دےدیا ہے۔بھارت کے ایلیٹ ریسلرز نے فیڈریشن کے چیف برج بھوشن شرن پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے اور وہ 5ہفتوں سے احتجاج کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل بھارت کی پارلیمنٹ بلڈنگ کی طرف جانے پر پولیس نے پہلوانوں پر بدترین تشدد کیا اور انہیں حراست میں لیا تھا۔