نو مئی کے شرپسندوں اور دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں، سزا ضرور ملے گی: وزیراعظم
پشاور(بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے تاریخی، قومی ورثے کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے؟، 9 مئی کے شرپسندوں اور دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں، سزا ضرور ملے گی،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے جہاں انہوں نے ریڈیو پاکستان پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت پر حملے سے ہم سب دکھی ہیں، یہ وہ تاریخی عمارت ہے جس میں پاکستان بننے سے قبل ریڈیو کا نظام موجود تھا،اسی عمارت سے 14اگست 1947کو آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں، ریڈیو پاکستان پشاور نے ہی مملکت خداداد کی آزادی کا اعلان کیا، 9اور 10مئی کو دلخراش واقعات نے پاکستانی عوام کو رنجیدہ کیا،وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے تاریخی اور قومی ورثے کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے؟ چاغی کی یادگار کو بھی راکھ بنا دیا گیا، قومیں اپنی تاریخی ورثے اور شناخت کی حفاظت کرتی ہیں، یہاں جلا دیا گیا،100سال کے ریکارڈ اور تاریخی ورثے کو تباہ کر دیا گیا، جن لوگوں نے یہ کام کیا ہے ان میں اور دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں، آج عہد کرتے ہیں آئندہ ایسی جرات کوئی نہ کر سکے،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے حوصلے کو داد دیتا ہوں، فنڈز 48گھنٹوں میں فراہم کر دئیے جائیں گے،اپریل اور مئی کی تنخواہوں کی فی الفور ادائیگی کا اعلان کرتا ہوں، 48گھنٹوں میں وزارت اطلاعات کے ذریعے مئی کی تنخواہ مل جائے گی،بعدازاں گورنر ہاو¿س خیبرپختونخوا میں وزیراعظم کے زیر صدارت سیاسی قائدین کا اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا 75سال میں کسی کو ایسے واقعات کی جرات نہ ہوئی، سیاسی جماعتوں کے ورکرز احتجاج کرتے ہیں لیکن کبھی ایسا نہیں ہوا،وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے 9مئی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، عمران نیازی کے حکم پر جتھوں نے حملے کیے، اکسانے اور حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،کارروائی کا آغاز ہو گیا ،انہوں نے کہا کبھی کسی سیاسی جماعت کے ورکرز نے فوجی تنصیبات کی طرف رخ نہیں کیا تھا، سویلین تنصیبات پر حملے میں ملوث افراد کے کیسز انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں چلیں گے،وزیراعظم نے کہا فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے والوں کو قانون کے مطابق گرفت میں لیا جائے گا، تاریخی ورثوں کوتباہ کیا گیا، 9مئی کے واقعات کا پاکستانی قوم پر گہرا اثرہوا،شہباز شریف نے کہاعمران نیازی نے جن ممالک پر پہلے الزام لگایا اب انہیں سے مدد مانگ رہے ہیں، یہ عمران نیازی کا مکروہ چہرہ ہے۔



















