پنجاب پولیس آج یوم تکریم شہداءبھرپور جوش و جذبے سے منائے گی: آئی جی پنجاب
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب بھر یوم تکریم شہدا بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائےگی اور اس سلسلے میں صوبہ بھر میں پولیس کے زیر اہتمام تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے یوم تکریم شہدا کے سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس میں غازیوں اور شہدا کے ورثاءسے ملاقات کی اور 25 شہدا کے ورثا کو گولڈ میڈلز، 25 غازیوں کو سلور میڈلز سے نوازا۔ آئی جی پنجاب نے شہدا کے ورثا اور غازیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ 4 ماہ میں شہدا کے ورثا اور غازیوں کی ویلفیئر کیلئے مثالی اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں، جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے دوران جانیں قربان کرنے، جسمانی اعضا سے محروم ہونے والے غازیوں اور ٹریفک حادثات میں معذور ہونے والے اہلکاروں کوبھی ایک ایک کروڑ روپے دیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ اگلے تعلیمی سال سے تمام پولیس شہدا کے بچوں کو انڈومنٹ فنڈ کے تحت اعلی تعلیم فراہم کی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے بچوں کو ملازمت میں رعایت کی سمری بھی منظور کی جا چکی ہے، 2017 سے قبل کے شہدا کے ورثا کیلئے رہائشی سہولیات کی فراہمی کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں پولیس شہدا کے ورثا اور غازیوں سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہا کہ چار ماہ میں پولیس کی تاریخ کی ریکارڈ پروموشنز کی گئیں، مزید ہزاروں ملازمین کو ترقی دیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے ساتھ معاہدے کے تحت متاثرہ پولیس ملازمین کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائےگی۔ آئی جی پنجاب نے شہدا کے ورثا اور غازیوں کو سی پی او آفس کی شہدائ وال کا دورہ کروایا، شہدا کے ورثا اور غازیوں کےساتھ گھل مل گئے۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ذیشان اصغر سمیت دیگر افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔ دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے شہدا پولیس کے ورثا کی بہترین ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں اور اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل کی بہن کو محکمہ پولیس میں ملازمت دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج سی پی او آفس میں شہدا کے ورثا اور غازیوں کو میڈلز دینے کی تقریب کے دوران شہید کانسٹیبل ذیشان علی کی والدہ آبدیدہ ہو گئی اور آئی جی پنجاب کو بیٹی کی ملازمت کیلئے درخواست کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فوری ایکشن لیتے ہوئے چند ہی گھنٹوں میں شہید کی بہن کو ملازمت کا تقرر نامہ دے دیا۔ شہید کی بہن بینش بی بی کو آر پی او راولپنڈی ریجن کے تحت آبائی علاقے جہلم میں جونیئر کلرک تعینات کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کی فیملی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے ورثا میری اپنی فیملی ہیں اور ان کی ویلفیئر کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔کانسٹیبل ذیشان علی نے گذشتہ برس جولائی میں جہلم دینہ کے علاقہ میں جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانے پر ریڈ کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔

















