لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں غیر منظور شدہ پولیس چوکیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔ آئی جی پویس نے ہدایت کی کہ سنٹرل پولیس آفس سے منظوری حاصل کئے بغیر آر پی اوز اور ڈی پی اوز کوئی پولیس چوکی قائم نہیں کر سکیں گے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق تمام اضلاع میں چوکیوں کے قیام کیلئے متعلقہ آر پی اوز کو 9 مئی تک آئی جی پنجاب سے اجازت لینا ہو گی ، صوبے کی تمام پولیس چوکیوں پر فرنٹ ڈیسک اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔ متعلقہ تھانہ 50کلو میٹر دور ہونے کی صورت میں آئی جی پنجاب کی منظوری سے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ حوالات بنائی جا سکے گی ۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ تمام گرفتاریاں اور انوسٹی گیشن متعلقہ تھانہ جات میں کی جائیں گی، منظور شدہ پولیس چوکیوں پر فرنٹ ڈیسک کا قیام اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب 10 مئی تک مکمل کر لی جائے۔پولیس چوکیوں کا مقصد جرائم و منشیات فروشی کی روک تھام ، پتنگ بازی کا تدارک ، اشتہاری مجرموں کی گرفتاری، پٹرولنگ اور جرائم کی وارداتوں پر فوری ریسپانڈ کرنا شامل ہیں۔دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سانحہ داتا دربار لاہور کے شہدا کو پانچویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان علی ہجویریؒکے مزار اقدس اور زائرین کی سکیورٹی پر مامور جوانوں نے 2019ءمیں جام شہادت نوش کیا، سانحہ داتا دربار میں ایلیٹ فورس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد سہیل،ہیڈ کانسٹیبل گلزار علی، ہیڈ کانسٹیبل شاہد نذیر نے جام شہادت نوش کیا،کانسٹیبل محمد سلیم اور کانسٹیبل محمد صدام شہید نے بھی فرض کی راہ میں جانیں قربان کیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران قیمتی جانوں کا نذرانے پیش کرنے والے تمام شہدا پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں ،پنجاب پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا،جوانوں کی لازوال خدمات اور قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
آئی جی کا غیرمنظور شدہ پولیس چوکیاں فوری ختم کرنےکا حکم ،سانحہ داتا دربار کے شہداءکو خراج عقیدت
















