سپریم کورٹ کو عالمی معیار کا آئی ایس او سرٹیفکیٹ مل گیا
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ادارہ جاتی ،انتظامی اصلاحات میں اہم پیشرفت ،سپریم کورٹ کو عالمی معیار کا آئی ایس او سرٹیفکیٹ مل گیا،سرٹیفکیٹ 19 نومبر 2026 کو بین الاقوامی ادارے انٹرسرٹ کی جانب سے جاری کیا گیا، مقصد عدالتی انتظام، شفافیت، جوابدہی اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بہتر بنانا ہے،سرٹیفکیشن کا دائرہ کار دیوانی ،فوجداری مقدمات میں حتمی اپیلوں کے فیصلوں، کرایہ داری ،خاندانی مقدمات کی اپیلوں، فیصلوں ،احکامات پر نظرثانی، توہین عدالت کے اختیارات کے استعمال ،عدالتی احکامات و ڈگریوں کے اجرا اور عملدرآمد سمیت مختلف عدالتی خدمات پر مشتمل ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئی ایس او سرٹیفکیشن کے حصول کےلئے سپریم کورٹ نے جامع کوالٹی مینجمنٹ سسٹم قائم کیا، ادارہ جاتی کوالٹی پالیسی، یکساں طریقہ کار، دستاویزی ورک فلو ،ذمہ داریوں کا واضح تعین کیا گیا،نظام میں معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز)، اندرونی آڈٹ، کارکردگی کی نگرانی، خطرات کا جائزہ اور خامیوں کی اصلاح کے اقدامات بھی شامل ہیں،سپریم کورٹ کے مطابق نئے نظام سے سائلین، وکلا و دیگر متعلقہ افراد کو انتظامی تاخیر میں کمی، غیر ضروری عدالتی دوروں سے نجات، معلومات کی درستگی اور عدالتی خدمات کی بروقت فراہمی میں مدد ملے گی۔


















