میٹروپولیٹن کارپوریشن : درجہ چہارم کی بھرتیوں میں قواعد و ضوابط نظرانداز ،پرانی تاریخوں میں آرڈر جاری
لاہور ( نوید چودھری) میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے درجہ چہارم کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے عمل میں قواعد و ضوابط کو یکسر نظر انداز کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ روزنامہ ”مشرق“ کو موصول ہونےوالی اطلاعات کے مطابق پانچ درجن کے قریب خالی آسامیوں پر محکمے کو 6 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں اور اخبار میں اشتہار کے ذریعے درخواست گزاروں کو انٹر ویو کی تاریخ بتائی گئی مگر مقررہ تاریخ تک نہ تو ریکروٹمنٹ کمیٹی تشکیل دی جاسکی اور نہ ہی قانون کے مطابق انٹر ویوز کا اہتمام کیا جاسکا۔ غرور اور تکبر سے بھرے ہوئے افسروں کا یہ عالم تھا کہ انٹر ویوز کے روز شاہانہ کمروں میں بیٹھ کر دعوتیں اُڑاتے رہے اور خانہ پری کے طور پر اپنی جگہ نائب قاصدین اور کلرکوں کو کھلے میدان میں بٹھا کر درخواست گزاروں کی تذلیل کرتے رہے۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے بھرتیوں کو عملی شکل دینے میں جان بوجھ کر تاخیر کی گئی اور پھر اپریل کے مہینے میں اچانک سے دسمبر 2022ءاور جنوری 2023ءکی پرانی تاریخوں میں بھرتیاں کرلی گئیں جس میں مبینہ طور پر پیسے لیکر ایسے لوگوں کو بھی بھرتی کیا گیا جن کی اکثریت نے کوئی فارم ہی جمع نہیںکرائے تھے۔ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ قواعد و ضوابط کے برعکس کی جانے والی بھرتیوں کے معاملے میں آئندہ کسی احتسابی ادارے کی ممکنہ مداخلت سے بچنے کےلئے ریکروٹمنٹ کمیٹی کا بھی پرانی تاریخوں میں نوٹیفکیشن جاری کیا جاسکتا ہے۔ قواعد و ضوابط کے برعکس بھرتیوں کے معاملے پر جب ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ وکمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا سے انکے موبائل نمبر پر بات کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کا فون اٹینڈ نہ ہوسکا۔

















