کرکٹ کیلئے بہت کچھ برداشت کرنا پڑا،کافی قربانیاں دیں ،بابر اعظم
اسلام آباد (مشرق نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ بال پکر سے لے کر قومی ٹیم کے کپتان بننے تک انہیں بہت کچھ برداشت کرنا پڑا، کافی قربانیاں دیں، اس سفر میں ان کے والد کا بہت اہم کردار تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے اپنے کرکٹ کے سفر کے دوران پیش آنے والے واقعات، محنت اور قربانیوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی ۔کپتان سے سوال کیا گیا کہ ون ڈے کرکٹ ٹیم میں جب پہلی بار شامل ہوئے تو بابر اعظم کے کیا جذبات تھے؟بابر اعظم نے کہا کہ جب قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے کیلئے پہلی بار کال آئی تو میں فیملی کے ساتھ گھر میں بیٹھا تھا، خبر سننے کے بعد میں اور میرے والدین سمیت پوری فیملی بہت پرجوش تھی۔ انہوںنے کہاکہ جب پہلی بار قومی کرکٹ ٹیم کا کھلاڑی بن کر میدان میں اترا تو مجھے وہ دور یاد آگیا جب میں بال پکر کے طور پر کام کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں جنوبی افریقہ کے خلاف جب ہمارا آخری ٹیسٹ میچ تھا اس وقت پہلی بار میں بولنگ کرنے آیا تھا، وہ میرے لیے یادگار لمحہ تھا، اس وقت میری خواہش تھی کہ مجھے بھی پاکستان کیلئے کچھ کرنا اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنا ہے، بس یہیں سے میں نے اپنا جذبہ بلند کیا اور دن رات محنت کی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ٹاپ پلیئرز نیشنل اکیڈمی جاتے تھے، میری بھی خواہش تھی کہ میں وہاں جاں لیکن سلکیٹ نہیں ہوسکا، میں نے سوچا اس اکیڈمی میں داخل ہونے کے لیے بہترین پرفارمنس دینی پڑے گی۔انہوںنے کہاکہ میں نے اکیڈمی جانے کیلئے بہت محنت کی، صبح 11 بجے جاتا تھا اور مغرب کے بعدگھر واپس آتا تھا، اس وقت پیسے نہیں ہوتے تھے تو کبھی پیدل اور کبھی بس میں سفر کیا تھا۔



















