محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ :دیہی علاقوں میں نکاسی اور فراہمی آب کی سہولیات فراہمی میں ناکام

لاہور (قمر عباس نقوی سے) محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب انتظامیہ دیہی علاقہ جات میں عوام کو نکاسی اور فراہمی آب کی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ،لاہور و شیخو پورہ زون شہر کے پسماندہ علاقہ میں سیوریج اور واٹر سپلائی منصوبہ جات کی تکمیل میں ناقص میٹریل کے استعمال میں ٹھیکیدار کےلئے سہولت کار کا کردار ادا کر رہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے لاہور و شیخو پورہ زون میں نکاسی اور فراہمی آب کی اسکیموں میں ناقص حکمت عملی کے باعث اربوں روپے کے فنڈز کو پانی میں بہا دیا ہے۔ شہر کے اطراف میں شامل دیہی علاقہ جات میں لاکھوں کی تعداد میں مکین رہائشیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کرنے میں عملی طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے جبکہ نکاسی آب کے منصوبہ جات میں استعمال ہونے والے میٹریل میں ناقص استعمال کی وجہ سے ہے نجی کمپنیوں کے ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور ان کو ناقص میٹریل کے استعمال کو آذادانہ طور پر کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور زون میں واسا کی حدود میں بھی ممبر قومی اور صوبائی اسمبلی ممران کے فنڈز میں سے ترقیاتی سکیموں میں سے متعدد نکاسی اور فراہمی آب کے منصوبہ جات پر کام کرنے کے بعد اس سسٹم کو مکمل کرنے کے بعد لاوارث چھوڈ جاتے ہیں جس سے متعلقہ علاقہ کے رہائشیوں کومسائل میں اضافہ کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ منصوبہ کی تکمیل کے بعد اس کی دیکھ بھال کی خاطر کوئی نظام موجود نہیں اگر ہے تو واسا کی حدود میں مداخلت کرتے ہوئے منصوبہ کی خرابی اور اس میں پیدا مسائل کے حل کی ذمہ داری بعد میں واسا انتظامیہ کے کھاتے ڈال دی جاتی ہے اور منصوبہ کو مکمل کرنے کے بعد قانونی طور پر کسی بھی متعلقہ ادارے کے سپرد نہیں کی جاتی جس سے عوامی منصوبہ جات پر کروڑوں روپے کے منصوبہ جات پر پانی پھیر دیا جاتا ہے۔ شیخو پورہ زون میں سروس رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عرصہ دراز سے تعینات سب انجینئر کو اسی علاقہ کا ایس ڈی او تعینات کر رکھا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخو پورہ زون میں مختلف دیہی علاقہ جات میں سیوریج اور پانی کے منصوبہ جات کاغذی طور پر تعمیر کئے گئے ہیں اور اربوں روپے کے فنڈز میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا گیا ہے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب کی انتظامیہ شیخو پورہ اور لاہور زون میں مالی بے ضابطگیوں کے ذمہ دران کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ شیخو پورہ زون کے ایس ڈی او سے موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا اور واٹس ایپ میسج بھی کیا گیا اس کے بعد بھی جواب نہیں دیا گیا۔ ایکسئین لاہور زون کا کہنا تھا سارے کام معیار کے مطابق ہو رہے ہیں ۔