خرطوم (مشرق نیوز) سوڈان میں جنگ بندی کے دوران جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مصر کے ایک سفارت کار بھی لڑائی کے دوران جاں بحق ہو گیا۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق مصری وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ سوڈان کے دارالحکومت میں واقع سفارت خانے میں تعینات مصر کے معاون انتظامی اتاشی ایک جھڑپ میں ہلاک ہوگئے۔محمد الغروی جنگ کے باعث سوڈان میں پھنسے مصری شہریوں کے انخلا کے دوران گولی لگنے سے جاں بحق ہوئے، جب وہ سفارت خانے کی جانب جا رہے تھے۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب کی معاونت سے سوڈان میں متحارب فریق پیر کے روز سے آئندہ 72 گھنٹوں کیلئے جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2 روز تک جاری رہنے والے مذاکرات کے نتیجے میں سوڈانی فوج اور نیم فوجی دستہ ریپڈ سپورٹ فورسز کے مابین 72 گھنٹوں کی جنگ بندی طے پاگئی۔
سوڈان میں جنگ بندی کے دوران جھڑپیں،مصری سفارتکار جاںبحق

















