کچرے کی صفائی، جدید لینڈ فل سائٹ بنانے کیلئے زمین مختص کی جائے :کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر میں روزانہ پیدا ہونےوالا 160میٹرک ٹن کوڑا ٹھکانے لگانے کےلئے ایک جدید لینڈ فل سائٹ بنانے کےلئے 33ایکڑز مین مختص کر نے کی ہدایت کر دی -محکمہ ریونیو جلد جگہ کی نشاندہی کرے تا کہ اس اہم منصوبے پر کام کا آغاز ہو سکے۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں کہی جس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹرسیف اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر دیوان،ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب حسین،اے سی جنرل وقاص اکرم اور سٹی پسپ اسجد خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر شعیب اقبال سید نے گرلز کالج روڈ پر محکمہ پبلک ہیلتھ کی طرف سے سیوریج پائپ ڈالنے کے بعد سڑک کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کام کی کوالٹی چیک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ضلع اوکاڑہ میں زیر تعمیر رینالہ چوچک روڈ کو جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی جس سے روزانہ سینکڑوں افراد سفر کرتے ہیں۔اس سے پہلے کمشنر شعیب اقبال سید نے جم خانہ میں قائم مفت آٹا مرکز کا دورہ کیا اور وہاں آٹا تقسیم کے عمل کو تیز کرنے کےلئے ضروری ہدایات بھی دیں -انہوں نے عملے کو کہا کہ وہ آٹا لینے کےلئے آنے والے ہر فرد کی عزت نفس کا خیال رکھیں اور مستحقین کو فوری ٹوکن جاری کریں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے گورنمنٹ گرلز کالج فرید ٹاﺅن میں قائم میٹرک کے امتحانی سنٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری اردو لازمی کے پیپر کےلئے گئے گئے اقدامات چیک کئے۔ انہوں نے تمام امتحانی مراکز کے عملے کو ہدایت کی کہ طلبا وطالبات کےلئے ہر سنٹر میں پنکھوں،پینے کے ٹھنڈے پانی اور روشنی کا بندوبست ضرور کریں۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا جہان خان چیک پوسٹ کا معائنہ، ڈیوٹی سے غیر حاضر تین افراد کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع، تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے گندم خریداری مہم کے دوران گندم کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کیلئے محکمہ خوراک کی جانب سے قائم جہانخان چیک پوسٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران چیک پوسٹ پر تعینات عملہ غیر حاضر پایا گیا جس پر کمشنر شعیب اقبال سید نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اکرام الحق اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ عمران منیر کو غیر حاضر عملہ کے خلاف کاروائی کرنے کی ہدایت کی۔ متعلقہ محکموں نے انچارج پی آر سنٹر کامران صادق، پٹواری علی احمد شاہ اور سیکرٹری یونین کونسل نمبر18سخی محمد کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔



















