لاہور (کامرس رپورٹر) سیکرٹری خوراک زمان وٹو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبے میں گندم کی قلت کی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔یہ من گھڑت خبر ایک مخصوص کاروباری گروپ کی طرف سے پھیلائی گئی ہے۔انھوں نے بتایا کہ اس سال گندم کی فی ایکڑ پیداوار نا مساعد موسمی حالات کے باوجود بہت شاندار آ رہی ہے۔ پچھلے سال کی نسبت گندم کی فی ایکڑ اوسط پیداوار پانچ سے دس من زیادہ ہے۔سیکریٹری خوراک نےکہا کہ حکومت نے گندم پر کسانوں کی پیداواری لاگت کے پیش نظر فی من امدادی قیمت 3900 روپے مقرر کی ہے۔گندم کی پیداوار کے علاقوں میں 3900 روپے فی من وافر مقدار میں گندم دستیاب ہے۔محمد زمان وٹو نے کہا کہ حکومت تمام طبقات کی معاشی فلاح کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔صوبے میں تقریبا دس کروڑ افراد کے لیے مفت آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج تک چار کروڑ پانچ لاکھ سے زائد آٹے کے تھیلے تقسیم ہو چکے ہیں مزید برآں آج تک ایک کروڑ ستر لاکھ سے زائد گھرانے مفت آٹے سے مستفید ہو چکے ہیں۔
صوبے میں گندم کم ہونے کی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے: سیکرٹری خوراک



















