لاہور(شوکت مروت)عید کی آمد، ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کردیا، بڑے شہروں میں رہنے والے پردیسیوں کیلئے عید پر اپنے آبائی گھروں کو واپسی بھی مشکل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے قریب آتے ہی بڑے شہروں میں مقیم پردیسی حضرات چھٹیاں اور عید منانے کیلئے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرنے لگے۔ تاہم رواں سال کرایوں میں بے تحاشا اضافے نے بڑے شہروں میں رہنے والے پردیسیوں کیلئے اپنے آبائی علاقوں میں عید منانا بہت مشکل بنا دیا۔
ٹرانسپورٹر مافیا نے عید کے قریب آتے ہی کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کرنا شروع کر دیا۔ دوسرے شہروں کو جانیوالے مسافروں سے ٹرانسپورٹرز من مرضی کے کرائے وصول کر رہے ہیں۔ آبائی علاقوں کو جانے والے شہری پریشان دکھائی دیتے ہیں، پردیسیوں کا کہنا ہے کہ ہر سال جب بھی عید منانے کے لیے اپنے علاقوں میں جاتے ہیں تو کرایوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے مسافروں کا کہنا ہے کہ دو دن پہلے جس روٹ کا کرایہ 1500 تھا وہاں اب ٹرانسپورٹرز مافیا 2000 سے 2500 تک وصول کررہے ہیں۔
ٹرانسپورٹر دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہی ہیں جبکہ حکومت ٹھس سے مس نہیں ہورہی ،مسافروں نے الزام لگایا کہ متعلقہ محکمہ کے لوگ ان مافیاز کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور ان سے باقاعدہ ماہانہ وصول کرتے ہیں جسکی بدلے ٹرانسپورٹر من مرضی کرایہ وصول کرتے ہیں انکا کہنا تھا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے کوئی پرسان حال نہیں ،مسافروں کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے پہلے سے ہمارا جینا حرام کیا ہوا ہے اوپر سے ایک عید جو کہ خوشی کا تہوار ہے وہ بھی اپنوں کے ساتھ منانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔
ٹرانسپورٹر ز کا کہنا ہے پٹرول اور ڈیزل کے ریٹس اس حد تک بڑھ گئے ہیں کہ مجبوری کے تحت کرایوں میں اضافہ کرنا پڑتا ہے اور پولیس بھی عید کے قریب مہنگے مہنگے چلان کرنا شروع کر دیتی ہے، اس لیے کرائے بڑھانا مجبوری ہے، یہاں واضح رہے مطابق کابینہ ڈویژن نے ملک بھر میں عیدالفطر پر وزیر اعظم کے مشاورت کے بعد پانچ چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جسکے مطابق عید کی چھٹیاں 21اپریل سے 25اپریل تک ہونگی۔
عید کی آمد، ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار ،من مرضی کرائے وصول کرنے لگے



















