روانڈا تارکین وطن کیلئے محفوظ ملک ہے: برطانوی وزیر داخلہ
لندن (مشرق نیوز) برطانیہ کی ہوم سیکرٹری سویلا بریورمین نے کہا ہے کہ وہ اس بات پر قائل ہیں کہ روانڈا غیر قانونی تارکین وطن کو آباد کرنے کیلئے محفوظ ملک ہو سکتا ہے، لیکن انہوں نے وہاں پہلی ڈی پورٹیشن کیلئے کوئی تاریخ نہیں بتائی۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی حکومت فرانس سے چھوٹی کشتیوں میں انگلش چینل عبور کرنے والے پناہ گزینوں کو روکنے کیلئے 120 ملین پاﺅنڈ کے معاہدے کے تحت ہزاروں تارکین وطن کو مشرقی افریقہ کے ملک روانڈا بھیجنے کی امید رکھتی ہے۔اس منصوبے کا اعلان اپریل 2022ء میں کیا گیا تھا لیکن انسانی حقوق کی یورپی عدالت کے حکم امتناعی کے ذریعے پرواز پر پہلی ملک بدری کو روکدیا گیا تھا۔ لندن کی ہائیکورٹ نے دسمبر میں فیصلہ دیا تھا کہ یہ منصوبہ قانونی تھا لیکن مخالفین اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پچھلے مہینے برطانیہ نے انگلش چینل کے پار چھوٹی کشتیوں میں آنے والے لوگوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے والے ایک نئے قانون کی تفصیلات پیش کیں جو انہیں سیاسی پناہ حاصل کرنے سے روکے گا۔ ان کا مقصد یا تو انہیں ان کے ممالک میں واپس بھیجنا ہے یا کسی تیسرے ملک میں منتقل کرنا ہے جہاں وہ محفوظ ہوں۔کچھ خیراتی تنظیموں کا کہنا تھا کہ مجوزہ قانون ناقابل عمل ہو سکتا ہے اور ہزاروں حقیقی پناہ گزینوں کی کوششوں کو جرم اور سزا کے دائرے میں ڈال سکتا ہے۔



















