حارث نے افغانستان سے سیریز ہارنے کا ذمہ دار خود کو قرار دےدیا
شارجہ (مشرق نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر حارث نے افغانستان سے ٹی ٹونٹی سیریز ہارنے کا ذمے دار خود کو قرار دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں محمد حارث نے کہا کہ میری پیاری قوم ہم جو نتیجہ چاہتے تھے وہ نہیں ملا۔اس سب کا ذمہ دار میں ہوں کیونکہ میں نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہیں کیا، جس کا مجھے افسوس ہے۔ حارث کا کہنا ہے کہ اس تجربے سے ہم سیکھیں گے اور مستقبل میں اچھا کھیلیں گے۔نوجوان بیٹرنے افغانستان کے تین میچز میں صرف 22 رنز بنائے۔ واضح رہے کہ آخری ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے افغانستان کو 66 رنز سے شکست دی تھی۔جبکہ تین میچز کی سیریز کے ابتدائی دونوں میچز افغانستان کے نام رہے تھے۔



















