شہریوں کو عزت کیساتھ آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے،محسن نقوی

لاہور،سیالکوٹ(خبر نگار،بیورورپورٹ)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور، سمبڑیال اورسیالکوٹ میں مفت آٹا سنٹرز کے اچانک دورے کئے، محسن نقوی نے ماڈل بازار،ٹھوکر نیاز بیگ لاہو رکا دورہ کیا،بعدازاں محسن نقوی نے سمبڑیال روڈ رحمت ہال ،انوار کلب سیالکوٹ میں مفت آٹا سنٹرز کا دورہ کیا، سمبڑیال روڈ رحمت ہال میں آٹے کی عدم دستیابی پر شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے جس پرمحسن نقوی نے شدید برہمی کااظہار کیا اور آٹے کے ٹرک کی فوری موجودگی سنٹر پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی کی موجودگی میں ہی ٹرک فوری طورپرآٹا لے کر سنٹر پہنچ گیااورشہریوں کو 10کلو آٹے کے 2،2تھیلے بالکل مفت تقسیم کئے گئے،محسن نقوی نے شکایات نوٹ کیں اور عملے کو ازالے کیلئے ہدایات دیں، محسن نقوی نے سنٹر زپرمفت آٹے کی تقسیم کے انتظامات کا مشاہدہ کیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر میکنزم بنایا، سیلاب کے باعث پھلوں کی قلت ہے،پھل امپورٹ کررہے ہیں، مفت آٹے کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہیے،سنٹرزپر موجود شہریو ں کو ہر صورت آٹا ملنا چاہئے،مفت آٹا سنٹرز کے دور وں کا مقصد سہولتوں کا جائزہ لینا اور صورتحال کو بہتر بنانا ہے، قبل ازیں محسن نقوی نے ماڈل بازار ٹھوکر نیاز بیگ کا اچانک دورہ کیا اور مفت آٹے کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔

محسن نقوی نے کہا وفاقی حکومت اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حکام سے بات چیت کرکے مسئلے کو حل کیا جا رہا ہے ،انہوں نے ہدایت کی شہریوں کو عزت کیساتھ آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کی سہولت کیلئے اضافی عملہ تعینات کیا جائے،ناجائز منافع خوروں اورذخیرہ اندوزوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے۔

دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مفت آٹا سنٹرز کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کااچانک دورہ کیا، محسن نقوی نے ایمرجنسی،کڈنی و دیگر وارڈز میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

زیر علاج مریضوں کی عیادت اور علاج معالجے کی سہولتوں کادریافت کیا، مریضوںنے مفت ادویات نہ ملنے کی شکایات کیں،محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاسیالکوٹ جیسے بڑے شہر کے سرکاری ہسپتال میں انجیو گرافی کی سہولت کا نہ ہونا افسوسناک ہے،ہسپتال میں انجیو گرافی کی سہولت فوری شروع ہونی چاہئے۔