پریٹوریا (مشرق نیوز) جنوبی افریقہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا، ملک میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور بلیک آٹ جاری ہیں جن سے خانہ جنگی کا خطرہ ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ اور آسٹریلیا سمیت مغربی ممالک کے سفارتخانوں نے اپنے شہریوں کو کئی دنوں کا کھانا اور پانی ذخیرہ کرنے کا ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔سفارتخانوں نے شہریوں کو مزید ہدایت کی کہ طویل بلیک آﺅٹ کے دوران چوکنا رہیں۔جنوبی افریقہ کے صدر سرل رامافوسا نے بجلی کی بدترین قلت کے ردعمل میں 9فروری کو قومی سطح پر تباہ حالی کا اعلان کیا تھا۔سرکاری ملکیتی توانائی کمپنی ایسکوم انسٹیٹیوٹ لوڈشیڈنگ کے نام پر 12گھنٹوں سے زائد لوڈشیڈنگ کر رہی ہے۔پورے ملک میں مستقل لوڈشیڈنگ جاری ہے جس سے رہائشی علاقے، کاروبار، سٹریٹ لائٹس، ٹریفک لائٹس اور ہوٹلز متاثر ہیں۔بلیک آﺅ ٹس کی وجہ سے پانی کی فراہمی، انٹرنیٹ تک رسائی، موبائل فون سگنلز، ایندھن کی فراہمی اور رہائشی علاقوں میں سیکیورٹی معاملات اور غذائی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے۔آسٹریلوی سفارتخانے نے اپنے ہدایت نامے میں کہا کہ لوڈشیڈنگ سے جرائم میں اضافہ ہوگا، مثلا ٹریفک جام میں پھنسی گاڑیوں سے لوٹ مار ہوسکتی ہے۔امریکی سفارتخانے نے رواں ماہ اپنے شہریوں کو ہدایت دی تھی کہ تین روز کا راشن اور دیگر اشیاءگھر میں رکھیں اور خراب نہ ہونے والا کھانا، فی شخص تین لیٹر پانی، ادویات اور طبی سامان بھی ذخیرہ کریں۔امریکہ کے اوورسیز سیکیورٹی ایڈوائزری کونسل کے ساتھ ایسکوم اور جنوبی افریقی حکام کی ملاقات بھی ہوئی۔ایسکوم کا کہنا ہے کہ پاور گرڈ کو بند کرکے دوبارہ چلانے میں 6سے 14دن لگیں گے۔امریکی عہدیدار نے کہا کہ اگر مکمل طور پر بجلی بند کر دی گئی تو بڑے پیمانے پر لوٹ مار شروع ہوجائے گی، خانہ جنگی بھی ہوسکتی ہے۔
جنوبی افریقہ ، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ،خانہ جنگی کا خطرہ

















