ممبئی (مشرق نیوز) بھارتی فلمساز رام گوپال ورما کی فلم ’ستیا‘ میں بھیکو ماترے کے کردار نے بالی وڈ اداکار منوج باجپائی کی زندگی تبدیل کر دی تھی۔ اس کردار نے نہ صرف انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا بلکہ انہوں نے کئی ایوارڈ بھی اپنے نام کیے۔ لیکن منوج باجپائی سمجھتے ہیں کہ اس کردار سے انہیں ایک بہت بڑا نقصان بھی ہوا تھا۔اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بالی وڈ اداکار منوج باجپائی نے کہا کہ بھیکو ماترے کا کردار ادا کرنے کے بعد فلمسازوں کی جانب سے انہیں صرف ولن کے کرداروں کی پیشکش ہونے لگی تھی اور وہ صرف ولن کے کردار نہیں کرنا چاہتے تھے اس لیے اگلے 8 مہینے تک انہیں کوئی کام نہیں مل سکا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مجھے جتنی بھی فلموں کی آفر آ رہی تھی اس میں سپر اسٹارز کے سامنے مجھے ولن کے کردار کی پیشکش کی جانے لگی تھی مگر میں کچھ اور ہی کرنا چاہتا تھا۔منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ اس وقت اتنے سارے پیسے اور فلموں کو انکار کرنا میرے لیے بہت مشکل فیصلہ ہوا کرتا تھا کیونکہ مجھے خود بھی معلوم نہیں تھا کہ میں جو کر رہا ہوں وہ درست ہے یا نہیں۔منوج باجپائی نے ستیا کے علاوہ 1999 میں فلم ’کون‘، ’اسکول‘، 2000 میں ’دل پہ مت لے یار‘، 2001 کی ’عکس‘، 2002 کی ’روڈ‘، 2010 کی فلم ’راجنیتی‘ 2012 میں ’گینگز آف واسے پور (پارٹ 1)‘، 2013 کی ’اسپیشل 26‘ اور 2013 کی ’علی گڑھ‘ سمیت کئی فلموں میں کام کیا ہے۔
فلم ’ستیا‘ نے بالی وڈ اداکار منوج باجپائی کی زندگی تبدیل کر دی



















