RUDA کی دبئی میں انٹرنیشنل پراپرٹی روڈ شو میں شرکت

دبئی (مشرق نیوز) دبئی میں گزشتہ روز ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں انٹرنیشنل پراپرٹی شو کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی (سی بی ڈی اے) نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ بین الاقوامی پراپرٹی ایگزیبیشن کا افتتاح عزت مآب سلطان بٹی بن میجرن نے کیا جو دبئی کے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل بھی ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بین الاقوامی شرکاءکی دلچسپی کو سراہا۔ اس کے ساتھ انہوں نے روڈا اور سی بی ڈی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ پاکستان پویلین کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے روڈا اور سی بی ڈی جیسے ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایگزیبیشن میں شرکاءپراپرٹی اور رئیل اسٹیٹ سے متعلق سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو کانفرنسوں، سیمینارز اور شوز کی شکل میں بیان کی گئی ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس انٹرنیشنل پراپرٹی شو (آئی پی ایس) میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں بین الاقوامی ڈویلپرز شرکت کر رہے ہیں۔ قبل ازیں پاکستان پویلین میں معزز مہمان کا استقبال چیئرمین سی بی ڈی فضیل آصف جاہ اور چیف آپریٹنگ آفیسر روڈا بریگیڈئر (ر) منصور جنجوعہ نے کیا۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اس پنڈال کا دورہ کیا اور روڈا کے منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اس طرح کے اقدامات سے ایک طرف پاکستان کا سافٹ امیج بہتر ہوگا اس کے ساتھ ساتھ یہ ملک کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی راغب کرے گا۔