کام نہ ہونے کی وجہ سے سینئر بھارتی اداکارہ پائی پائی کی محتاج

بمبئی:بھارتی ٹی وی کی سینئر اداکارہ شگفتہ علی شوبز انڈسٹری میں کام نہ ہونے کی وجہ سے پائی پائی کی محتاج ہوگئیں انہوں نے ساتھی فنکاروں سے مدد کی درخواست کی ہے۔اداکارہ شگفتہ علی کا شمار بھارتی ٹی وی کی سینئر اداکاراں میں ہوتا ہے جو گزشتہ 30 برسوں سے بھارتی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ تاہم اب ان کی مالی حالت ایسی ہوگئی ہے کہ وہ پائی پائی کی محتاج ہوگئی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق 54 سالہ اداکارہ شگفتہ علی ان دنوں سخت مالی مشکلات کا شکار ہیں اس کے علاوہ وہ صحت کے مسائل سے بھی دوچار ہیں جس کی وجہ سے ان کی زندگی بہت مشکل ہوگئی ہے۔ اداکارہ شگفتہ علی نے بتایا کہ گزشتہ 4 برسوں سے انہیں انڈسٹری میں بہت کم مل رہا ہے اور جو بھی کام انہیں ملا وہ عملی شکل تک نہیں پہنچ پایا۔ اداکارہ شگفتہ علی نے بتایا کہ انہوں نے مالی مشکلات کے پیش نظر اپنی کار اور زیور بیچ دئیے یہاں تک کہ وہ ڈاکٹر کے پاس بھی آٹو رکشہ میں جاتی ہیں یہ سب ان کے لیے بہت تکلیف دہ ہے کیونکہ وہ ہمیشہ سے ایک سیلف میڈ شخصیت رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا جب وہ انڈسٹری میں آئی تھیں انہیں کسی کی سپورٹ نہیں تھی۔ انہوں نے جو بھی کام کیا اپنی محنت سے حاصل کیا۔ تاہم اب وہ مشکل دور سے گزرر ہی ہیں۔اداکارہ شگفتہ علی نے درخواست کرتے ہوئے کہا انہیں مالی مدد اور زندگی کو آگے بڑھانے کے لیے کام کی ضرورت ہے کیونکہ اب ان کے پاس بیچنے کے لیے بھی کچھ نہیں بچا۔


#Indian TV actress #Bombay #Shagufta Ali #Indian showbiz industry #successful dramas